بلدیہ عظمٰی لاہور نے ماسٹر پلان اور بلڈنگ ریگولیشنز پر عملدرآمد کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ملوث افسران اور عملے کے خلاف کارروائی ہوگی۔شعبہ پلاننگ کو واضع ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ سائٹ وزٹ کے بغیر کسی بھی نقشہ کی رپورٹ نہیں کریں گے۔بلڈنگ بائی لاز اور ماسٹر پلان پر ایم سی ایل کے کنٹرولڈ ایریا میں کوئی تعمیر نہیں ہوگی۔میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ایم سی ایل ڈاکٹر رائے امتیاز حسن کی زیر صدارت اجلاس میں مزید اہم فیصلے کئے گئے
جس میں تمام زونز کے زیڈ اوز پلاننگ، بلڈنگ و انفورسمنٹ انسپکٹرز، پٹواریوں، بلڈنگ سروئیر اور دیگر عملے نے شرکت کی۔ایم او پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے واضح ہدایات جاری کیں کہ کرپشن اور غیر قانونی تعمیرات پر زیرو ٹالرنس ہے۔

اب تمام شہر میں صرف بلڈنگ بائی لاز کے مطابق ہی کام ہوگا۔بلڈنگ و انفورسمنٹ انسپکٹرز خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کریں گے۔خلاف ورزی کی صورت میں نوٹیسیز، ایف آئی آر کا اندارج اور مسماری کی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔زونز سے غیر قانونی تعمیرات کی فہرست بھی مانگ لی گئی ہے جس میں کسی غیر قانونی تعمیر کو چھپانے پر بھی محکمانہ کارروائی ہو گی۔غیر قانونی تعمیرات کی سروے رپورٹ کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کی جانب سے گرینڈ آپریشن شروع کر کے مسماری کی کارروائیاں کی جائیں گی۔لاہور کےماسٹر پلان پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔






