لاہور، گرینڈ آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار، ایم سی ایل،پیرا پولیس کی مشترکہ کارروائی،2 ملزمان گرفتار

ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی اور پی ایچ اے پارکس واگزار کروا لیے گئے۔ پیرا، ایم سی ایل اور پولیس ٹیموں نے بھاری مشینری کے ساتھ کارروائی کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔لاہور کو تجاوزات اور قبضہ مافیا سے پاک بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ لاہور نے شہر بھر میں بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں پیرا، ایم سی ایل اور پولیس ٹیموں نے فیلڈ میں بھاری مشینری کے ساتھ دکانوں، عوامی پارکوں اور سرکاری زمینوں سے تجاوزات کا صفایا کیا۔گرینڈ آپریشن کے دوران ہڈیارہ نالہ پر 19 دکانوں سے تجاوزات ختم کر کے 2 غیر قانونی ساختوں کو مکمل مسمار کیا گیا، جبکہ ہربنس پورہ اور سردار کالونی سے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔ اس کے علاوہ پی ایچ اے پارک اسلام پورہ سے 1 کنال اراضی واگزار کروا کر 2 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی سی لاہور نے ہدایت کی کہ واگزار کروائی گئی اراضی پر دوبارہ قبضہ نہ ہونے دیا جائے اور قبضہ مافیا کے خلاف فوری کارروائی کر کے مرتکب افراد کو گرفتار کیا جائے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کی خود قیادت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف تمام آپریشنز باقاعدہ حد بندی اور پیشگی نوٹسز کی قانونی مہم کی تکمیل کے بعد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر بھر سے کروڑوں روپے کی اراضی واگزار کروائی جا چکی ہے اور پورا لاہور تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button