کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود کی زیر ہدایت لائیوسٹاک، کھادوں، کاشت اہداف اور فیلڈ ٹاسک فورس کے حوالے سے ڈویژنل اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل کمشنر ریونیو لاہور ڈویژن عثمان غنی نے اجلاس کی صدارت کی اور شیخوپورہ، ننکانہ، قصور اور لاہور میں گندم پیداوار کے اعداد وشمار کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کے افسران نے بریفنگ دی۔ محکمہ زراعت نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ڈویژن میں گندم پیداوار کا ہدف سو فیصد حاصل کیا گیا ہے، زراعت کی ترقی کیلئے وزیراعلی پنجاب کےوژن کےتحت لاہور ڈویژن میں 821 ٹریکٹرز کسانوں کو ملیں گے۔

ایڈیشنل کمشنر ریونیو لاہور ڈویژن عثمان غنی نے محکمہ لائیوسٹاک کی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں لائیوسٹاک کیمپس مکمل طور پر فعال و متحرک ہونے چاہئیں، ملک بھر سے عید قربان کیلئے منڈی میں پہنچنے والے ہر جانور پر سپرے لازمی ہونا چاہئیے۔
ایڈیشنل کمشنر ریونیو لاہور ڈویژن عثمان غنی نے محکمہ زراعت کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی کھادوں و زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈاون جاری رہے گا، کسان کے سرمائے کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انہوں نے پولیس اور پراسیکیوشن کو تمام چالان مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ ایڈیشنل کمشنر ریونیو لاہور نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں کھاد، یوریا اور بیجوں کی فراہمی اور دستیابی اطمینان بخش ہے اور یوریا ڈیمانڈ کیمطابق مارکیٹ میں موجود ہے، پرائس ہائیکنگ بھی نہیں ہے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت سمیت اے سی ایچ آر لاہور، تمام اضلاع کے اے ڈی سی جی ز، لاہور ڈویژن کے تمام زراعت افسران، پراسیکیوشن، پولیس اور کسان نمائندوں نے شرکت کی۔






