الیکشن کمیشن گلگت بلتستان اور وفاقی ادارہ شماریات کے مابین اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں سینسز بلاکس کے مسائل کے پائیدار حل پر اتفاق کیا گیا،اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت)،چیف سٹیٹسٹیشن، پاکستان بیورو آف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر،چیف سینسس افیسر سرور گوندل (ستارہ امتیاز)، پرووینشل الیکشن کمشنر عابد رضاڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رابعہ اعوان، ڈائریکٹر امتیاز حیدر، ڈپٹی سینسس کمشنر حمید سمیت وفاقی ادارہ شماریات کے دیگر حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان میں ڈی لیمٹیشن (حد بندی) کے عمل کو درپیش مشکلات اور سینسز بلاکس کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سینسز بلاکس میں پائی جانے والی خامیوں کو فوری طور پر دور کرنا ضروری ہے تاکہ حلقہ بندیوں کے عمل کو شفاف اور موثر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر وفاقی ادارہ شماریات کے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل کا پائیدار حل نکالا جائے گا اور ضروری اصلاحات کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔
گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز، کنوینیئرز، اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی جانب سے دیے گئے فیصلوں اور فراہم کردہ ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز نے تفصیلی ورکنگ مکمل کی تھی۔ ان رپورٹس میں ہر بلاک میں موجود مسائل کی نشاندہی کی گئی، جنہیں وفاقی ادارہ شماریات کے ذریعے حل کروانے کے فیصلے اجلاس میں کیے گئے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے نمائندوں نے اجلاس میں اس بات کی مکمل یقین دہانی کرائی کہ آئندہ عام انتخابات کے دوران سینسز بلاکس سے متعلق تمام مسائل حل کر دیے جائیں گے۔ اس موقع پر حکام نے اس امر پر بھی زور دیا کہ گلگت بلتستان ایک اہم صوبہ ہے، اور اس کی انتخابی و انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی ادارہ شماریات کے ریجنل کمشنر راحت سمیت دیگر فیلڈ افسران نے بھی شرکت کی اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے وفاقی ادارہ شماریات کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔






