وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، گجرات، کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں میونسپل سروسز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت میونسپل سروسز اور ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس، صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ذیشان ملک کے ہمراہ گجرات، کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں میونسپل سروسز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کے جائزے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ایم پی اے راجہ محمد اسلم خان، ایم پی اے خالد اصغر گھرال، ایم پی اے مدد علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (ADCR)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل (ADCG)، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اہم فیصلے اور ہدایات:

1. میونسپل کمیٹیز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی مانیٹرنگ کو مزید سخت کیا جائے گا تاکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

2. پنجاب بھر میں ڈمپنگ سائٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ کوڑے کو بروقت اور مؤثر انداز میں ٹھکانے لگایا جا سکے۔

3. تمام اضلاع میں ویسٹ کلیکشن کلسٹرز نصب کیے جائیں گے تاکہ کوڑے کرکٹ کو منظم انداز میں اکٹھا کیا جا سکے۔

4. دیہی اور شہری علاقوں میں لوڈر رکشوں کے ذریعے بیٹ سسٹم کے تحت کوڑا اٹھانے کا نیا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

5. شہریوں میں صفائی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ لوگ بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں کردار ادا کریں۔

6. ہر سینیٹری ورکر کو مخصوص علاقے تفویض کیے جائیں گے تاکہ صفائی کا عمل بہتر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔

7. کام نہ کرنے والے سینیٹری ورکرز اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔وزیر بلدیات نے اجلاس میں زور دیا کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید مشینری اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور تمام متعلقہ محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین میونسپل سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صفائی کے نظام کی مستقل نگرانی کر رہی ہے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button