*جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنرفاتو ہریریمانا کی چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ملاقات*

جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور خصوصا اسلام آباد شہر کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کے سلسلہ میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں پائیدار شہری ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا کو سی ڈی اے کی مجموعی کارکردگی، خصوصاً مکمل ہونے والے اہم ترقیاتی منصوبوں اور اسلام آباد میں جاری منصوبوں سے آگاہ کیا جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو ایک جدید، جامع اور ماحول دوست شہر میں تبدیل کرنے کے سلسلہ میں سی ڈی اے کا ویژن بھی شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سی ڈی اے ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹنگ اور اسلام آباد میں سفاری پارک کے قیام کیلئے کاوشیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے سفاری پارک کے منصوبہ پر کام کررہا ہے تاکہ اسلام آباد کی خوبصورتی کی وجہ سے مستقبل میں اس کو سیاحت کا بہترین مرکز بنانے میں مدد مل سکے گی تاکہ شہریوں اور سیاحوں کیلئے تفریحی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد اور روانڈا کے دارالحکومت کیگالی کے درمیان "سسٹر سٹی” تعلقات قائم کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ جس سے عوامی رابطوں، ثقافتی تبادلے اور بلدیاتی انتظام، شہری تجدید اور سبز شہری حل جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے سلسلہ میں روانڈا کے تجربہ سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں اسلام آباد کو خوبصورت بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر سی ڈی اے کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اسلام کی تعمیر و ترقی اور ماحول دوست پودے لگانے کے عمل کو سراہا اور دوطرفہ تعاون بڑھانے میں روانڈا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ہائی کمشنر نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی کے انتظام کے تجربے سے سیکھنے میں بھی روانڈا کی دلچسپی ظاہر کی۔دونوں فریقوں نے اسمارٹ سٹی ، سیاحت کی ترقی اور تعمیر کے شعبوں میں مہارت کے تبادلے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں روانڈا اور پاکستان کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور اداراتی تعلقات استوار کرنے کا مشترکہ عزم ظاہر کیا گیا۔ اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے دوستی کی علامت کے طور پر روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا کو ایک سووینیر پیش کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اقدام باہمی احترام پر مبنی بین الاقوامی تعاون کیلئے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اسلام آباد اور روانڈا کے دارالحکومت کیگالی کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات مزید روشن اور مستحکم ہونگے۔

جواب دیں

Back to top button