2600 دیہات کو مثالی بنایا جائے گا،محکمہ بلدیات کے لئے 122 ارب کا ریکارڈ بجٹ،وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن سے خطاب

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اپنے محکمے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کو متوازن اور عوامی بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ محکمہ بلدیات کا صوبائی امور چلانے میں بڑا اہم کردار ہے جو ماضی میں نظرانداز کیا گیا تاہم وزیراعلی مریم نواز نے نئے مالی سال کے بجٹ میں محکمہ بلدیات کو 122 ارب کی ایلوکیشن کی۔امسال محکمہ بلدیات میں فنڈز کا استعمال نوے فیصد رہا۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر شہر اور ہر گائوں میں صفائی کا نیٹ ورک موجود ہے۔ عیدالاضحٰی پر ستھرا پنجاب پروگرام کے فوائد پوری قوم کے سامنے آئے وزیر بلدیات نے کہا کہ جب یہ پروگرام شروع ہوا تو کچھ حلقوں نے تنقید کی کہ یہ شاید غیرملکی منصوبہ ہوگا لیکن الحمداللہ اب ثابت ہوگیا کہ یہ سو فیصد مقامی انڈسٹری پر مشتمل منصوبہ ہے۔ وزیراعلی نے سوا لاکھ افراد کو براہ راست نوکریاں دیں جبکہ بالواسطہ مواقع الگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا شاہکار منصوبہ ہے۔ ذیشان رفیق نے ایوان کو بتایا کہ صرف سالڈ ویسٹ نہیں بلکہ پنجاب حکومت اب سیوریج کے مسائل کا بھی جامع حل لا رہی ہے۔ انسداد تجاوزات آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں 88 ہزار گلیاں اور سڑکوں سے تجاوزات ختم کرنا وزیراعلی مریم نواز کا دلیرانہ اقدام ہے۔ ایک لاکھ سے زائد مستقل اور ہزاروں عارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار لاہور کے علاوہ 25 اضلاع کی ماسٹر پلاننگ کی گئی۔ یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلی بار نچلی سطح پر سکیمیں جاری ہیں۔ لاہور میں 14 ہزار سے زائد کچی گلیوں کو پختہ کیا جا رہا ہے جبکہ 566 کلومیٹر سیوریج لائن بچھائی جا رہی ہے۔ صرف گلیاں نہیں بنائی جا رہیں بلکہ 137 ارب کے منصوبے میں دیگر سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہیں۔ صرف لاہور نہیں بلکہ 61 چھوٹے شہروں میں بھی ایسا پروگرام لا رہے ہیں۔ اس منصوبے پر 408 ارب لاگت آئے گی۔ ورلڈ بینک 15 دیگر شہروں میں الگ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کیلئے ایسا پائپ لائن استعمال کیا جارہا ہے جس کی عمر 100 سال ہے۔ سٹارم واٹر کی نکاسی اور ذخیرے کے لئے ٹھوس پلاننگ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف شہروں میں نہیں 2600 دیہات کو مثالی گائوں بنانے کا کام ہوگا۔ دیہات میں چھپڑوں کی صفائی، گلیوں کی تعمیر اسی بجٹ میں شامل ہے۔ مثالی گائوں منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 12 ہزار، امسال صرف دیہات کیلئے 4 ہزار کلومیٹر رابطہ سڑکیں بنیں گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی کا ویژن ہے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کام کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ دیہات کو مشینری اور آلات کی فراہمی کا 11 ارب کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس مشینری سے دیہات اپنے نالوں وغیرہ کی صفائی کر سکیں گے۔ لہر پروگرام کے تحت لاہور کے تاریخی ورثے کو محفوظ کیا جائے گا۔ بجلی کی تاروں کو زیرزمین کیا جائے گا، سرکلر گارڈن کی بحالی بھی ہوگی۔ قبرستانوں سے متعلق مسائل حل کرنے کے لئے الگ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ذیشان رفیق نے ایوان کو بتایا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے ہر دور میں بلدیاتی انتخابات کرائے۔ ایک سال کے اندر بل کا مسودہ ایوان میں پیش کر دیا گیا۔ ایوان کے اندر کہہ رہا ہوں کہ عوامی کو نچلی سطح پر بااختیار بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں مریم نواز شریف خدمت کی سیاست کر رہی ہیں۔ اپوزیشن انتشار پھیلانے کی کوشش نہ کرے۔ پنجاب کو تعمیری سیاست کی طرف لے جایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button