فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جدید لینڈ فل سائٹس کے قیام سے متعلق پی ایم ڈی ایف سی میں اہم اجلاس

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) کے دفتر میں فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے تحت دو لینڈ فل سائٹس کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پی ایم ڈی ایف سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے کی۔ اس اجلاس میں ماحولیاتی تحفظاتی محکمہ (EPD) کے افسران کے ساتھ ساتھ گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران لینڈ فل سائٹس کے لیے موزوں مقامات کے انتخاب، ممکنہ ماحولیاتی اثرات، اور کوڑا کرکٹ کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے جیسے اہم امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید زاہد عزیز نے بتایا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں لینڈ فل سائٹس پانچ سو ملین روپے سے زائد لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ان سائٹس پر میتھین گیس نکالنے کا جدید نظام نصب کیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ زیر زمین پانی آلودہ نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل سے دونوں شہروں کی تقریباً سات ملین کی آبادی کو صاف، صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول میسر آئے گا۔ لینڈ فل سائٹس کے قیام سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری ممکن ہوگی بلکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی آپریشنل صلاحیتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کے تمام مراحل میں بین الاقوامی ماحولیاتی معیارات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ پائیدار اور دیرپا حل فراہم کیا جا سکے۔میٹنگ کے شرکا میں عدنان نثار جی ایم انجینئرنگ، معظم جمیل ایس پی او آئی ڈی، احسن بیلہ، سالڈ ویسٹ ایکسپرٹ، سید عامر محمود شاہ، منیجر جی آئی ایس،رخسانہ شاہد، پی او انوائرنمنٹ اور حمیرا خان پروگرام آفیسر شامل تھے۔

جواب دیں

Back to top button