پاکستان میں بہتے گندے پانی کے نالے کی فلوٹنگ ویٹ لینڈز کے ذریعے صفائی کا اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ کامیابی سے مکمل

پنجاب میں ماحولیاتی بہتری اور واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے، پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) نے ہڈیارہ ڈرین لاہور میں فلوٹنگ ویٹ لینڈز ٹیکنالوجی کے تحت بہتے گندے پانی کی صفائی کا ملک کا پہلا پائلٹ منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ منصوبہ سیکرٹری بلدیات پنجاب میاں شکیل احمد کی نگرانی میں NIBGE، یونیسیف اور یونیورسٹی آف لاہور کے تعاون سے مکمل کیا گیا۔منصوبے کے تحت یونیورسٹی آف لاہور سے ملحقہ ہڈیارہ ڈرین کے 500 میٹر حصے پر 16 ہزار اسکوائر فٹ رقبے میں فلوٹنگ ویٹ لینڈز لگائے گئے، جن میں 660 جمبولان شیٹس پر 6500 سے زائد خصوصی آبی پودے نصب کیے گئے۔ یہ پودے بہتے پانی میں موجود آلودگی، بدبو اور نقصان دہ مادوں کو قدرتی طور پر جذب اور فلٹر کرتے ہیں۔منصوبے کے نتائج کے مطابق ڈرین کے پانی میں نمایاں حد تک بہتری دیکھی گئی ہے، جبکہ اردگرد کی آبادی اور یونیورسٹی آف لاہور کے طلبا و اساتذہ کو مستقل تعفن سے نجات ملی ہے۔

ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں پہلی بار ہوا ہے کہ بہتے گندے پانی کے نالے میں فلوٹنگ ویٹ لینڈز ٹیکنالوجی کامیابی سے لگائی گئی۔ اس ماحول دوست اور کم لاگت حل نے آلودہ پانی کی صفائی میں قابلِ ذکر بہتری دکھائی ہے۔ ماضی میں ہم ویسٹ واٹر پونڈز میں فلوٹنگ ویٹ لینڈز استعمال کر چکے ہیں، لیکن اب یہی ٹیکنالوجی بہتے پانی کی صفائی کے لیے بھی مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لئے محکمہ بلدیات پنجاب، NIBGE، یونیسیف، یونیورسٹی آف لاہور اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز نے بھرپور تعاون کیا جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

جواب دیں

Back to top button