پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام اور پنجاب سٹیز پروگرام کی 20 میونسپل کمیٹیوں کی تربیت کا مرحلہ کامیابی سے مکمل

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی، پاکستان واٹر آپریٹرز نیٹ ورک، یونیسیف اور واسا لاہور کے باہمی اشتراک سے واٹسن سروسز کی بہتری کے لیے منعقد ہونے والے تربیتی پروگرام کا دوسرا سیشن لاہور میں منعقد ہوا، جس میں 11 میونسپل کمیٹیوں کے افسران بشمول میونسپل اور چیف آفیسرزنے شرکت کی۔ اس سیشن کے انعقاد کے ساتھ ہی پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام اور پنجاب سٹیز پروگرام کی 20 میونسپل کمیٹیوں کی تربیت کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔تربیت میں احمد پور ایسٹ، چکوال، خانپور، جامپور، راجن پور، جتوئی، پاکپتن، صادق آباد، گوجرہ، وزیرآباد اور کمالیہ کے نمائندگان شامل تھے جبکہ نو میونسپل کمیٹیوں کی تربیت پہلے سیشن میں مکمل کی جا چکی تھی۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین تھے، جنہوں نے شرکا میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے اورلوکل گورنمنٹ افسران کی استعداد میں اضافے کے اس اہم اقدام کو سراہا۔

اجلاس میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور واسا لاہور کی جدید اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ شرکا کو واسا کے جاری منصوبوں، ڈیجیٹل ڈیش بورڈز، آئی ٹی ریفارمز اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے متعارف کرائے گئے نئے نظاموں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔تربیتی پروگرام کے دوران شرکا نے واسا لاہور کے کنٹرول اینڈ کمپلینٹ سنٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید مانیٹرنگ سسٹمز، کمپلینٹ ہینڈلنگ، اور آئی ٹی بیسڈ آپریشنل ماڈلز کا عملی مشاہدہ کرایا گیا۔ شرکا نے اس موقع پر کہا کہ واسا لاہور کا جدید نظام ایم سیز کے لیے ایک مؤثر ماڈل ہے جس سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔پروگرام میں شریک افسران نے PMDFC، یونیسیف اور PWON کی جانب سے اس اہم تربیتی سلسلے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تربیتی عمل میونسپل سروسز کی بہتری اورایم سیز کی استعداد بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

Back to top button