"سمارٹر پاکستان کیلئے سمارٹر منصوبے” کے عنوان سے ایک اعلیٰ سطحی پینل ڈسکشن کا انعقاد

پلاننگ کمیشن نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے تعاون سے "سمارٹر پاکستان کیلئے سمارٹر منصوبے” کے عنوان سے ایک اعلیٰ سطحی پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا،

جس کا مقصد پاکستان کو ایک متحرک ڈیجیٹل معیشت میں منتقل کرنے کی کوششوں کو تیز کرنا تھا۔اس ایونٹ میں اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی، ترقی احسن اقبال اور چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر کے نمائندگان کے علاوہ گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) مشتاق احمد شامل تھے۔ڈسکشن کا مرکزی موضوع پاکستان کی معیشت کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے متنوع بنانا، روایتی شعبوں پرانحصار کو کم کرنا، اور ٹیکنالوجی پر مبنی ماڈلز کو یکجا کرنا تھا۔ پلاننگ کمیشن نے وزیر اعظم کی بصیرت اور وزیر منصوبہ بندی کی قیادت میں "اڑان پاکستان” فریم ورک کا آغاز کیا ہے۔ یہ اسٹریٹجک روڈ میپ پانچ ایز پر مبنی ہے۔معلومات اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) اور اس کے متعلقہ شعبوں کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے،اس ایونٹ نے کامیابی شیئر کرنے، پالیسی کی سمتوں پر بات کرنے اور صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ اس کا مقصد مشترکہ طور پر کوششوں کو بڑھانا، ٹیکنالوجی کی ترقی سے فائدہ اٹھانا اور پاکستان کے تمام علاقوں میں جامع ڈیجیٹل ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکر یٹری گلگت بلتستان مشتاق احمدنے کہا کہ گلگت بلتستان کا آئی ٹی شعبہ گزشتہ سال میں 100 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی آمدنی پیدا کر چکا ہے۔ انہوں نے اس شعبے کی ترقی کی ذکر کر تے ہو ئے زور دیا کہ آئی ٹی اعلیٰ مہارت کے شعبوں میں سینکڑوں ملازمتیں پیدا کی ہیں اور نئے آئی ٹی کاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ خطے میں فری لانس ہبز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور حکومت کے آئی ٹی تعلیم کو پرائمری اسکول سے لے کر یونیورسٹی تک ضم کرنے کے اقدامات کا ذکر کیا۔ حکومت ہر سال اسکولوں اورکالجوں کو سمارٹ اداروں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے لیس ہوں گے اورنوجوانوں اور کاروباری افراد کے لیے کو ورکنگ اسپیس کے طور پر کام کریں گے۔مشتاق احمد نے شرکاء کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان حکومت آنے والے سالوں میں آئی ٹی سے متعلق آمدنی کو تین گنا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ یہ اقدامات "اڑان پاکستان” کے وسیع تر وژن سے ہم آہنگ ہیں اور گلگت بلتستان کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ایونٹ کا اختتام صوبائی ہم آہنگی، علم کے تبادلے، اور ٹیکنالوجی کے تعاون کی اہمیت پر مضبوط اتفاق رائے کے ساتھ ہوا تاکہ پاکستان کو 2029 تک ایک مضبوط ڈیجیٹل معیشت بنانے کی جانب گامزن کیا جا سکے، جس میں برآمدات اور آئی ٹی اہم کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button