وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت بجٹ اور پی ایس ڈی پی پر مشاورتی اجلاس

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت نئے مالی سال کے بجٹ اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی تشکیل کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ، بلوچستان عوامی پارٹی، اے این پی اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندہ اراکین شامل ہوں گے۔ کمیٹی میں میر صادق عمرانی، بخت محمد کاکڑ، میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم احمد کھوسہ، میر شعیب نوشیروانی، نور محمد دمڑ، نوابزادہ طارق مگسی، انجینئر زمرک اچکزئی اور انجینئر عبدالمجید بادینی شامل ہیں۔یہ کمیٹی وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کے ساتھ بجٹ اور پی ایس ڈی پی سے متعلق امور پر نتیجہ خیز بات چیت کرے گی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی ضروریات سے ہم آہنگ اور ترقیاتی اہداف پر مبنی ہوگا۔ تعلیم، صحت، اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ترقی کا ثمر ہر گھر تک پہنچے۔ترقیاتی بجٹ میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا، بدعنوانی اور اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی، اور صرف منظور شدہ منصوبے ہی بجٹ کا حصہ ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور اتفاق رائے موجود ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ان کا حق دیا جائے اور ترقی ہر فرد تک پہنچے۔

جواب دیں

Back to top button