میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلعِ غربی میں 182 ملین روپے کی لاگت سے سڑک بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بابِ خیبر تا سیکٹر 4 اورنگی روڈ کی بہتری و بحالی منصوبے کا 182 ملین روپے سے زائد لاگت سے سنگ بنیاد کا یہ منصوبہ کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایک اور اہم قدم ہے، ضلع غربی میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی اور عوام کے دیرینہ مسائل میں کمی واقع ہوگی،15.4 میٹر چوڑی اور 1378 میٹر طویل سڑک پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں، سڑک پر اسفالٹ اور ایگریگیٹ بیس کورس کی تعمیرکی جا رہی ہے،اس منصوبے میں نکاسی آب کے مسائل کے حل کے لیے ڈرین سسٹم بھی شامل کیا گیا ہے،کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور بحالی عالمی معیار کے مطابق کی جا رہی ہیں،شہر کے ہر علاقے میں بلا امتیاز ترقیاتی کاموں کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور کراچی کے پسماندہ و نظرانداز علاقوں کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی عوامی فلاح کے منصوبے بلا تفریق اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے، اورنگی ٹاؤن میں سڑکوں کی بحالی سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا اور کچی آبادیوں کو مستقل بنیادوں پر ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے، کراچی کے ہر ٹاؤن میں ترقیاتی کام یکساں رفتار اور شفاف انداز میں جاری ہیں اور عوام سے کیے گئے تمام وعدے عملی اقدامات اور زمینی حقائق کی صورت میں پورے کیے جارہے ہیں،شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی دن رات متحرک ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ضلع غربی میں باب خیبر تا سیکٹر 4 اورنگی سڑک کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر معاونِ خصوصی برائے وزیراعلیٰ سندھ علی احمد جان، پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رؤف ناگوری، چیئرمین موریرو میر بہار ٹاؤن علی اکبر، کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماحبیب،اختیار شاہ، یوسی چیئرمین رانا الیاس اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابِ خیبر تا سیکٹر 4 اورنگی ٹاؤن کی سڑک ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے جسے روزانہ لاکھوں افراد استعمال کرتے ہیں، تاہم طویل عرصے سے سڑک کی حالت نہایت ابتر تھی، آج یہاں آنا کسی اعلان یا وعدے کے لیے نہیں بلکہ عوام سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کے لیے ہے اور اس منصوبے پر آج سے عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت میں یہاں کے عوام کے لیے یہ منصوبہ مکمل کرنے جا رہی ہے تاکہ برسوں پرانا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے،یہ وعدہ وفا کرنے کا وقت ہے اور کام کی رفتار کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ انجینئرنگ اور کے ایم سی کی ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ منصوبہ 60 سے 90 روز میں مکمل کیا جائے جس کے لیے دن رات کام کیا جائے گا،میئر کراچی نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن پمپنگ اسٹیشن پر کام جاری ہے جس سے سپلائی اور نظام میں بہتری آئی ہے،قانون وہی ہے، اختیارات وہی ہیں، صرف شخصیات تبدیل ہوئی ہیں، پتنگ، ترازو یا بلا نہیں بلکہ اللہ کا بندہ آیا ہے جو کراچی والوں سے کیے گئے وعدے پورے کر رہا ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ یہ سال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہے اور کراچی میں 46 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے جبکہ شہر کے تمام اضلاع میں بلا تفریق کام جاری ہے،میئر کراچی نے کہا کہ وہ جلد لی مارکیٹ، ناتھا خان، بلوچ کالونی اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے جبکہ لنڈی کوتل چورنگی، بلوچ کالونی ایکسپریس وے اور دیگر مقامات پر ترقیاتی کام پہلے ہی تیزی سے جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ عوام کے غم اور خوشی میں ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور شہر میں ترقی و بہتری کا سفر جاری رہے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ کچھ لوگ صرف باتیں اور پریس کانفرنسیں کرتے ہیں، ہم کام کر کے دکھاتے ہیں،اربوں روپے روڈ کٹنگ کی مد میں وصول کیے گئے مگر اس کے باوجود ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں، روڈ کٹنگ کے پیسے کسی جماعت کے لیے نہیں بلکہ سڑکوں کی بحالی کے لیے ہوتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی ایک مہمان نواز شہر ہے اور یہاں سب کا خیر مقدم کیا جاتا ہے،ہم ہمیشہ رواداری اور برداشت کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور اسی سوچ کے تحت تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ہمیں اپنے عمل سے عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے، نہ کہ ایسی سرگرمیوں سے مسائل میں مزید اضافہ کیا جائے،انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش اور ٹریفک جام سے عام شہری متاثر ہوتے ہیں اس لیے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مسائل کے حل کی طرف بڑھنا وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور شہر میں نظم و ضبط اور رواداری کو یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button