وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے یونیسیف کے وفد کی ملاقات، 2 سالہ مشترکہ ورک پلانز پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ اے فاضل اور ان کے وفد سے ملاقات میں سندھ حکومت اور یونیسیف کے درمیان جاری مضبوط شراکت داری پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ اور یونیسیف کے کنٹری چیف نے موجودہ دو سالہ مشترکہ ورک پلانز (24-2023) پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ منصوبے باہمی مشاورت اور منظوری سے تیار کیے گئے ہیں اور ان میں صحت، غذائیت، تعلیم، بچوں کے تحفظ، پانی، صفائی و حفظانِ صحت، منصوبہ بندی و ترقی، سماجی بہبود، بلدیاتی حکومت اور محنت و افرادی قوت جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یونیسیف کی حکمتِ عملی پر مبنی معاونت سندھ حکومت کے جامع، پائیدار اور صنفی مساوات پر مبنی ترقی کے بنیادی اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کثیرالجہتی ورک پلان کے تحت جاری اہم اقدامات کے مثبت اور ٹھوس نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

صحت

یونیسیف کا 55 لاکھ ڈالر کا صحت کا منصوبہ سندھ کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کا مقصد زچہ و بچہ کی صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا اور حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام ( ای پی آئی) کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یونیسیف کے کنٹری ہیڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کی توجہ صحت کی سہولیات تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے اور صوبے بھر میں مکمل حفاظتی ٹیکہ جات کوریج کے حصول پر مرکوز ہے۔

 

غذائیت (17.5 ملین امریکی ڈالر)

17.5 ملین ڈالر مالیت کا غذائیت کا منصوبہ ماؤں اور بچوں کی غذائی صحت کو بہتر بنانے، نو عمر بچوں کی صحت کے مسائل کو حل کرنے اور ابتدائی بچپن کی نشوونما کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے۔ پولیو کے خاتمے کے اہم مشن پر کام جاری ہے جس میں یونیسیف ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کو تکنیکی معاونت، انسانی وسائل اور مواصلاتی مدد فراہم کر رہا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن

چائلڈ پروٹیکشن کا یہ منصوبہ 3.2 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے جاری ہے جس کے تحت بچوں کے تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس میں اہم پالیسی اصلاحات، مؤثر آگاہی مہمات، پیدائش کے اندراج سے متعلق قوانین پر عملدرآمد اور بچوں کے ساتھ زیادتی اور نقصان دہ روایتی رسومات کی روک تھام کے لیے حکمتِ عملی شامل ہیں۔ اس منصوبے میں صلاحیت بڑھانے کے اقدامات اور بچوں کے تحفظ کے لیے ایک جامع انتظامی نظام کا اجراء بھی شامل ہے۔

تعلیم

یونیسیف اور سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم کے درمیان 7 ملین امریکی ڈالر کی شراکت داری کا مقصد اسکول سے باہر بچوں کی تعداد کو کم کرنا، ابتدائی تعلیم کے مواقع کو فروغ دینا، تعلیمی ڈیٹا مینجمنٹ کو مضبوط بنانا اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو بہتر بنانا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نو عمر بچوں کی تعلیم پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، اور لڑکیوں کے لیے مہارت سازی کے قیمتی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

پانی، صفائی اور حفظانِ صحت (واش)

اس شعبے میں 16.8 ملین امریکی ڈالر مالیت کی واٹر، سینیٹیشن اور حفظانِ صحت کیسرگرمیوں کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ پانی اور صفائی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، اہم پالیسی معاونت کی فراہمی اور مقامی صلاحیتوں کی تعمیر ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ان بنیادی سہولیات کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے کمیونٹی کی شمولیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں پر پیشرفت کی سخت نگرانی چیف سیکریٹری کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یونیسیف کی مسلسل تکنیکی اور مالی معاونت پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سندھ بھر میں بچوں اور کمزور طبقات کی ترقی کے لیے پائیدار نتائج حاصل کرنے کی غرض سے یونیسیف کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

Back to top button