کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود کی زیر صدارت پلانٹ فار پاکستان کے تحت شجرکاری پلان اور نگہبان رمضان پیکج کے تحت پے آرڈرز تقسیم کے جائزہ کے حوالے سے ڈویژنل سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ چاروں اضلاع کے ڈی سیز نے نگہبان رمضان پیکج کے تحت پے آرڈرز تقسیم بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اضلاع اپنے اہداف کے مطابق بڑی حد تک پے آرڈرز رجسٹرڈ مستحقین کی دہلیز پر پہنچا چکے ہیں، لاہور میں حکومت پنجاب کیجانب سے 87فیصد پے آرڈرز مستحقین تک پہنچائے جا چکے ہیں جبکہ 95فیصد پے آرڈرز ٹائٹل ہولڈرز کیش بھی کرا چکے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں پے آرڈرز کیش کرنے والی فرنچائزز کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں، خلاف ورزی پر سخت کاروائیاں بھی کی گئی ہیں۔
کمشنر لاہور نے تمام ڈی سیز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کیجانب سے امداد حقداروں تک پہنچانے کیلئے پوری محنت کریں، پلانٹ فار پاکستان کے تحت بھرپور شجرکاری کریں اور جیو ٹیگڈ ڈیٹا اپلوڈ کیا جائے، تمام سہولت بازاروں میں پلانٹ فار پاکستان کاونٹرز بنائیں، شہریوں کو مفت پودے تقسیم ہونگے۔
کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کیجانب سے نگہبان رمضان کے تحت رجسٹرڈ شہریوں کو انکی دہلیز پر پے آرڈرز فراہم کیے جارہے ہیں، لاہور ڈویژن میں کل 3لاکھ 99ہزار 205 مستحق کم آمدنی والے خاندان پے آرڈرز اپنی دہلیز پر وصول کر رہے ہیں، جبکہ لاہور میں 1لاکھ 99ہزار 287، شیخوپورہ میں 81ہزار 796، ننکانہ صاحب میں 42ہزار 793 اور قصور کے 75ہزار 329 مستحق گھرانوں کو امدادی رقم پہنچائی جارہی ہے۔ کمشنر لاہور نے تمام اضلاع میں سیل پوائنٹس و رمضان بازار میں چینی فراہمی و دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، ڈی سی لاہور سید موسی رضا نے شرکت کی جبکہ ڈی سی ننکانہ محمد تسلیم راو، ڈی سی قصور عمران علی اور ڈی سی شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔






