وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نےخیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) کے ٹاور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا جغرافیائی محل وقوع اور قدرتی وسائل انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، صوبے کے پوٹینشیلز کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاکر ہم معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکتے ہیں، بدقسمتی سے ماضی میں ان وسائل کو استعمال میں لانے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، موجودہ صوبائی حکومت تمام شعبوں کے پوٹینشیلز کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لانے کے لئے شروع دن سے کام کر رہی ہے۔
صوبے میں 11 اکنامک زونز قائم کئے گئے ہیں، چار پر کام جاری ہے جبکہ چار مزید بھی قائم کئے جائیں گے، صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو تمام درکار سہولیات اور مراعات فراہم کر رہی ہے۔صوبے میں پن بجلی پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم اپنی بجلی کی پیداوار سستی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کریں گے، اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت نے اپنی ٹرانسمشن لائن بچھانے کا منصوبہ شروع کیا ہے، اس ٹرانسمشن لائن کے بہتر استعمال کے لئے کاٹلنگ میں نیا اکنامک زون قائم کیا جائے گا، یہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے صوبے کے صنعتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔ صوبے میں نجی سرمایہ کاری کے لئے ماحول انتہائی سازگار ہے، ملک بھر کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ صوبے میں سرمایہ کاری کریں، سرمایہ کار صوبائی حکومت کی سہولیات اور مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔ہم روڈ شوز منعقد کرکے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق سرمایہ کاروں کو آگاہ کریں گے، ہم ہر علاقے کے مخصوص پوٹنٹشیلز کے مطابق وہاں پر صنعتوں کو فروغ دے رہے ہیں، اس سے ان علاقوں میں خوشحالی آئے گی اور لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع ملیں گے۔ ویلیو ایڈیشن اور کیپسٹی بلڈنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جو سرمایہ کار صوبے ہی میں مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کریں گے انہیں خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ صوبے کے لوگ بہت محنتی ہیں لیکن فنی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، ہم نے اپنے لوگوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لئے دو بڑے پروگرام شروع کئے ہیں۔ خیبرپختونخوا اکنامک کوریڈور کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے، یہ وسط ایشیائی مارکیٹ تک رسائی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، ہم بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کی مالی خود کفالت کی جانب گامزن ہیں۔






