گلگت بلتستان کے طالب علموں کے لیے خوشخبری!اقراء یونیورسٹی اسلام آباد میں مخصوص نشستیں مختص میرٹ میں نرمی اور اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع

محکمہ تعلیم حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت گلگت بلتستان کے طلباء کے لیے اقراء یونیورسٹی چک شہزاد کیمپس اسلام آباد میں مخصوص نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا اور اقراء یونیورسٹی کے ڈائریکٹر عبد الوحید نے شرکت کی۔ دونوں فریقین کے مابین تعلیمی تعاون پر اتفاق رائے ہوا اور گلگت بلتستان کے طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو وسعت دینے کا عزم دہرایا گیا۔

اس اجلاس کے دوران یہ طے پایا کہ یونیورسٹی مختلف تعلیمی پروگرامز میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے مخصوص/کوٹہ نشستیں مختص کرے گی۔ ان نشستوں پر داخلے کے لیے امیدواروں کی نامزدگی کا اختیار صرف ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن گلگت بلتستان کے پاس ہوگا۔ جو اہلیت کے معیار کے مطابق امیدواروں کی فہرست مرتب کر کے یونیورسٹی کو ارسال کرے گا۔ ان نشستوں پر درخواست دینے والے طلباء کے لیے داخلی میرٹ میں 10 فیصد نمبروں کی نرمی فراہم کی جائے گی۔ بشرطیکہ امیدوار کم از کم میرٹ کی اہلیت پر پورا اترتے ہوں۔ میرٹ میں دی جانے والی رعایت صرف ان طلباء کو حاصل ہوگی جن کی نامزدگی ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن، گلگت بلتستان کے توسط سے ہو گی۔

اس موقع پر وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا نے کہا کہ یہ اقدام گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان پسماندہ علاقوں کے طلباء کو ملک کے بہترین اداروں تک رسائی دینے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے اقرا یونیورسٹی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مزید فروغ پائے گا اور دیگر ادارے بھی اسی طرز پر اقدامات کریں گے۔

جواب دیں

Back to top button