گلگت بلتستان اسمبلی نے تین قراردادوں اور چھ بلوں کی متفقہ منظوری دی، سپیکر نذیر احمد کی زیر صدارت اجلاس میں گلگت کے لئے پروازوں کے عرصہ دراز سے التواء پر تشویش کا اظہار کرتے ہوۓ وفاقی حکومت سے نئی پروازوں کا بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا گیا،یہ قرارداد رکن اسمبلی امجد حسین نے پیش کی، اسی طرح ایوان نے محکمہ مال کےفیلڈ سٹاف کو الاؤنسز کی ادائیگی کے حوالے سے قرارداد کی منظوری بھی دی، یہ قرارداد بھی رکن اسمبلی امجد ایڈوکیٹ نے پیش کی ۔ایوان نے اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں امام پرنس شاہ کریم کی خدمات کو سراہتے ہوۓ خراج تحسین کی قرارداد پیش کی۔

یہ قرارداد صوبائی وزیر قانون غلام محمد نے پیش کی،جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دی ۔اجلاس کے دوران رکن اسمبلی امجد حسین نے گلگت بلتستان میں آغاخان پراپرٹی ٹرانسفر بل پیش کیا، جس کی ایوان نے متفقہ منظوری دی ۔اسی طرح سینئیر صوبائی وزیر قانون غلام محمد نے ایوان میں ریگولیشن آف الیکٹرک پاور سروسز بل ،گلگت بلتستان انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن بل ،ترمیمی قانون برائے وزیر اعلیٰ پری ویلیجز اینڈ سیلری الاؤنس اور ترمیمی بل برائے سپیکر پری ویلیجز اینڈ سیلری الاؤنس پیش کیا،جس کی ایوان نے متفقہ منظوری دی۔بعد میں سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔






