سندھ میں رواں سال 9 سے 14 سال کی عمر کی 41 لاکھ بچیوں کوحفاظتی ویکسین دی جائے گی جو سروائیکل (بچے دانی کے منہ) کے کینسر سے بچاؤ کے لیے موثر ہے۔سندھ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں اس حفاظتی مہم کے لیے 79.8 کروڑ روپے مختص کردیے ہیں۔ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کے مطابق یہ مہم 15 ستمبر 2025 سے شروع کی جائے گی۔ اسے گلوبل الائنس فار ویکسینز اینڈ امیونائزیشن (GAVI) کی معاونت حاصل ہو گی جو ایک بین الاقوامی تنظیم ہے اور ترقی پذیر ملکوں میں ویکسین فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔سروائیکل کینسر پاکستان میں خواتین کو لاحق سرطانوں میں چھاتی کے کینسر کے بعد دوسرا سب سے عام اور جان لیوا کینسر ہے۔ ہرسال ملک میں تقریباً 5,000 نئے کیس سامنے آتے ہیں، جن میں سے 3,000 خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ایچ پی وی (ہیومن پیپیلوما وائرس) سروائیکل کینسر کی سب سے بڑی وجہ ہے، اور یہ ویکسین اس مرض کی روک تھام میں مؤثر ثابت ہوئی ہے۔دنیا کے 25 سے زائد ممالک جن میں بنگلہ دیش، نیپال، سعودی عرب، سویڈن اور کئی افریقی ممالک شامل ہیں—ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں، جس سے ان ممالک میں سروائیکل کینسر کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
رپورٹ : اشفاق لغاری






