*گلگت بلتستان کا امن ہماری اجتماعی ذمے داری ہے,معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ*

معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان خطے میں امن و امان کے قیام کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور حالیہ واقعات کے تناظر میں یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ چھموگڑھ اور جلال آباد سمیت تمام علاقے مکمل طور پر پُرامن اور حالات قابو میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ علاقے میں قیامِ امن کے لیے دن رات متحرک ہیں، اور ان کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ عوام، سیکیورٹی اداروں اور حکومت کے درمیان مثالی تعاون نے ثابت کر دیا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگ امن، اتحاد اور بھائی چارے کے علمبردار ہیں۔ایمان شاہ نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی جو سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بے بنیاد اور من گھڑت خبریں پھیلا کر عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کی حکومت بھرپور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری و مصدقہ ذرائع سے حاصل شدہ اطلاعات پر اعتماد کریں۔ہمیں فخر ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے قومی یکجہتی، امن اور بھائی چارے کی مثال قائم کی ہے۔ یہ اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام جیسے مقدس مہینے کا احترام اور اس کا پُرامن انعقاد ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ حکومت گلگت بلتستان اس سلسلے میں تمام مکاتب فکر، علما کرام، عمائدین علاقہ اور نوجوانوں سے قریبی رابطے میں ہے تاکہ ہم سب مل کر اس ماہ کو امن، برداشت اور اخوت کی فضا میں گزار سکیں۔انہوں نے ان تمام اداروں، افسران، جوانوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن و امان کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

جواب دیں

Back to top button