وفاقی سیکرٹری منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن حامد یعقوب شیخ کی زیر صدارت ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چئیرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک، سی ڈی اے بورڈ ممبران، ڈی سی اسلام آباد، ڈی سی راولپنڈی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سمیت جڑواں شہروں کی انتظامیہ کے سنیئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں جڑواں شہروں میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، سرویلنس سرگرمیوں اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک رپورٹ کئے گئے ڈینگی کیسز کی شرح پچھلے سال کی نسبت کم ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں اس وقت 50 اور راولپنڈی میں 45 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جسمیں کیپیٹل ہسپتال میں 4 جبکہ پمز میں 1 مریض زیر علاج ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ جڑواں شہروں کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے مناسب بیڈز کا بندوبست موجود ہے اور جڑواں شہروں کے سرکاری ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ٹیسٹ کٹس، ادویات سمیت دیگر سہولیات میسر ہیں۔اجلاس میں جڑواں شہروں کے حساس علاقوں کی سخت مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو باؤنڈری ایریاز میں کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی کی ممکنہ افزائش کو ابتدائی مراحل میں روکنے اور لاروے کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے فوگنگ اسپرے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے عوام الناس بالخصوص بزرگوں اور بچوں میں باقاعدہ احتیاطی تدابیر کی آگہی پیدا کی جائے۔وفاقی سیکرٹری برائے صحت حامد یعقوب شیخ نے کہا کہ جڑواں شہروں کی انتظامیہ ملکر مشترکہ کارروائیاں کریں اور ڈینگی کی افزائش کے مقامات کو جلد کلیئر کیا جائے اور دونوں شہروں کی انتظامیہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے ایک ٹیم کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ انتظامیہ ہاٹ اسپاٹ ایریاز کی کڑی نگرانی کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔






