خیبر پختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم برائے سال 2025، وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے وزیراعلٰی ہاؤس کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ اجراء کردیا۔ اس مون سون شجرکاری مہم کے تحت صوبہ بھر میں 10 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،

مہم کے دوران جنگلی پودوں کے ساتھ ساتھ پھلدار پودے بھی لگائے جائیں گے، بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مہم کے دوران 1 لاکھ 84 ہزار پھلدار پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے، پلان کے مطابق محکمہ جنگلات کے تحت 7 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، اس کے علاوہ ڈھائی لاکھ سے زائد پودے لگانے کے لئے لوگوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ مہم کے تحت ملاکنڈ فارسٹ ریجن میں 3 لاکھ 67 ہزار پودے لگائے جائیں گے، ناردن فارسٹ ریجن میں 4 لاکھ 75 ہزار جبکہ سنٹرل ساوتھ فارسٹ ریجن میں 1 لاکھ 49 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا فروغ اور تحفظ ناگزیر یے، موجودہ صوبائی حکومت جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھا رہی ہے، اس سلسلے میں مون سون شجرکاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس کامیاب بنائیں، شجرکاری ایک قومی فریضہ ہے، عوام شجرکاری مہم میں حکومت کا پارٹنر بنیں۔ اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول دینے کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، ہم سب مل کر مشترکہ کوششوں سے کلین اور گرین خیبر پختونخوا کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔






