وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے عیدالاضحٰی پر قائم کئے گئے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹرول رومز کا دورہ کر کے صفائی پلان کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے عیدالاضحٰی پر زیرو ویسٹ کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی کے ستھرا پنجاب ویژن کو مدنظر رکھ کر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے قربانی والے گھروں میں 32 لاکھ ماحول دوست بیگز فراہم کئے جائیں گے۔ قربانی والے جانوروں کی الائشیں ٹھکانے کے لئے ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومز سے لاہور سمیت پنجاب بھر کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے اپیل کی کہ شہری بھی ماحول کو صاف رکھنے کے لئے میونسپل سٹاف سے تعاون کریں۔ تمام میونسپل چیف آفیسرز صفائی پلان کے بینرز نمایاں مقامات پر آویزاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فوکل پرسن مقرر کر دیے گئے جو مانیٹرنگ کی رپورٹ صوبائی کنٹرول روم کو بھجوائیں گے۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ فون اور سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی پر لاہور میں 60 ہزار ٹن الائشیں اٹھانا بڑا چیلنج ہے۔ صرف لاہور میں چودہ لاکھ جانوروں کی قربانی ہونے کا تخمینہ ہے۔ وزیر بلدیات پنجاب نے لوکل گورنمنٹ بورڈ اور ایل ڈبلیو ایم سی کے عید پلان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ صرف ویسٹ اٹھانا کافی نہیں بلکہ محفوظ ڈمپنگ زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ الائشوں سمیت دیگر ویسٹ کی ڈمپنگ میں کوئی سستی نہیں ہونی چاہئے۔ وزیر بلدیات نے ایل ڈبلیو ایم سی کو لاہور کے کنٹونمنٹ ایریاز کو صفائی پلان میں شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پٹڑیوں کے قریب پھینکی گئی آلائشوں کو بھی اٹھایا جائے۔ بارش ہونے کی صورت میں واسا لاہور کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر نے بتایا کہ تمام چیف آفیسرز کے ساتھ ہر روز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس ہو رہا ہے۔

صوبائی کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کرے گا۔ سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بابر صاحب دین نے بتایا کہ ڈیش بورڈ کے ذریعے پورے لاہور کے صفائی انتظامات کی نگرانی ہوتی ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی نے 105 کولیکشن پوائنٹس اور 30 ماڈل کیمپس قائم کئے ہیں۔






