بلدیہ عظمی کراچی کے زیر انتظام نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ (گلشن جناح) میں منعقد ہوگا، میئر کراچی بیرسٹرمرتضی وہاب کی ہدایت کے مطابق نماز عید کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں عالم اسلام سے اظہار یکجہتی کے لیے پولو گراؤنڈ میں اسلامی ملکوں کے پرچم لہرائے گئے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، اسلامی ملکوں کے سفارتکار، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندے اور عمائدین شہر کی ایک بڑی تعداد نماز عید ادا کرے گی، ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی علی حسن ساجد کے مطابق نماز عید کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے وضو کا خاص انتظام کیا گیا ہے اور صبح کے وقت پولوگراؤنڈ خصوصاً عید گاہ کے احاطے میں خوشبو کا اسپرے بھی کیا جائے گا، پولو گراؤنڈ میں نماز عید ٹھیک 8 بجے ادا کی جائے گی اور امامت کے فرائض خطیب جامع مسجد کے ایم سی مولانا محمد احمد سلیمی انجام دیں گے۔






