لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت برتھ اینڈ ڈیتھ رولز 2025 سے متعلق ایک اہم آگاہی سیمینار کا انعقاد ٹاؤن ہال لاہور میں کیا گیا۔ اس سیمینار کا اہتمام ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ لاہور ڈویژن عمر بشیر کی زیر نگرانی کیا گیا جس کا مقصد عوام، منتخب نمائندوں اور میڈیا کو نئے ضوابط کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

ان کے ہمراہ اراکین پارلیمان، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، بلدیاتی نمائندگان اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔سیمینار کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر عمر بشیر اور دیگر افسران نے شرکاء کو برتھ اینڈ ڈیتھ رولز 2025 کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے متعارف کردہ یہ نئے قواعد شہریوں کی سہولت، عملدرآمد کی شفافیت، اور ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ہیں۔بریفنگ کے دوران شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ نئے رولز کے تحت پیدائش کے سات سال تک کا اندراج بالکل مفت کیا جائے گا۔ ایک سال کی عمر تک بچوں کی پیدائش کا اندراج متعلقہ سیکرٹری یونین کونسل کے اختیار میں ہوگا، جبکہ ایک سے سات سال تک کا اندراج متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے ذریعے ممکن ہوگا۔

سات سال سے زائد عمر کے افراد کا اندراج متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے دائرہ اختیار میں آئے گا۔ اس کے علاوہ لیٹ اندراج کی صورت میں اب عدالت سے ڈگری لینے کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جو ایک تاریخی سہولت ہے اور اس سے ہزاروں شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ احمد کمال مان نے اپنے خطاب میں کہا کہ برتھ اینڈ ڈیتھ رجسٹریشن شہریوں کا بنیادی حق ہے اور اس عمل کو سہل اور عام فہم بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے قواعد کے نفاذ سے نہ صرف شہریوں کو بروقت سہولت میسر آئے گی بلکہ اس کے ذریعے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور پالیسی سازی کے عمل میں بھی بہتری آئے گی۔ڈی جی لوکل گورنمنٹ نے مزید کہا کہ برتھ اینڈ ڈیتھ رولز 2025 کا نفاذ ایک ایسا اصلاحاتی قدم ہے جو رجسٹریشن کے نظام کو شفاف، موثر اور ڈیجیٹلائزڈ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کا کردار اس حوالے سے نہایت اہم ہے اور ان اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا جس میں شرکاء نے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے جن کے جوابات متعلقہ افسران نے تفصیل سے دیے۔ شرکاء نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان قواعد پر مؤثر عملدرآمد سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔





