میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کا احساس اُن اقوام سے پوچھیں جو اس سے محروم ہیں، خصوصاً فلسطین کے مظلوم عوام سے، پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے، تمام اہل وطن کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتا ہوں، ہمیں آزادی صرف 14 اگست کو نہیں بلکہ پورے سال منانی چاہیے، وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھے گا تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کا دفاع کرے گی،مودی سرکار کے تکبر کو پاکستانی افواج اور قوم نے خاک میں ملا دیا،پاکستانی قوم نے متحد ہو کر مودی کو کرارا جواب دیا اور میں اس پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، معرکہ حق کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، ہماری بہادر افواج اور ہر شہری نے اتحاد کا مظاہرہ کیا، ہم نے نہ صرف مودی کو بلکہ اسرائیل کو بھی جواب دیا اور ثابت کیا کہ یہ قوم متحد ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ آزادی کے موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مرکزی عمارت میں قومی پرچم لہرانے کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے، محکمہ جاتی سربراہان اورعملے کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہری خدمات سر انجام دینے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور اس کی کارکردگی میں بہتری لانا اولین ترجیح ہے،کے ایم سی کے افسران و ملازمین شہریوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور دلجمعی کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے،ہم کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، شہریوں کی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے،یومِ آزادی کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، آزادی ایک انمول نعمت ہے جو طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، یہ دن اتحاد، قربانی اور خدمتِ وطن کے عہد کی تجدید کا دن ہے، کراچی کے عوام آزادی اور معرکہ حق کی فتح کا جشن ولولے اور جوش و خروش سے منا رہے ہیں، کراچی سے پشاور تک آج جشن اور خوشیوں کا سماں ہے، آزادی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حق و انصاف کی خاطر قربانی دینا ہماری قومی شناخت ہے، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے ہمیں رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر ہو کر یکجہتی اختیار کرنا ہوگی، اس موقع پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے تاکہ پاکستان ہمیشہ عزت، وقار اور امن کے ساتھ آگے بڑھتا رہے۔






