سیلاب اور بارش سے متاثرہ اضلاع میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ، کنٹرول رومز قائم، تمام عملہ ہائی الرٹ ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا کے مطابق، تمام ضلعی ہیلتھ آفیسرز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز کے ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اضلاع اور ہسپتالوں میں فلڈ کنٹرول رومز فوری طور پر قائم کریں اور روزانہ کی بنیاد پر امراض اور صورتحال کی رپورٹ متعلقہ حکام کو فراہم کریں۔ اس اقدام کا مقصد ضروری ادویات کی فراہمی اور ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور دیگر طبی عملہ ہائی الرٹ پر رہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دے۔ تمام اضلاع میں صحت کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ ہسپتالوں میں بلا رکاوٹ علاج معالجہ جاری رکھا جا سکے۔






