ڈپٹی کمشنر گلگت اور متعلقہ افسران کا سب ڈویژن دنیور، اوشکنداس، جلال آباد اور بگروٹ کا دورہ

ڈپٹی کمشنر ضلع گلگت کیپٹن (ر) عارف احمد، سیکرٹری واٹر مینجمنٹ اینڈ ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل کمشنر گلگت ڈویژن، ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ، اور ریونیو سٹاف پر مشتمل ٹیم نے سب ڈویژن دنیور کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔دورے کے دوران ٹیم نے اوشکنداس اور جلال آباد کے آبپاشی اور پینے کے پانی کے چینلز کا موقع پر معائنہ کیا، جن کے انٹیک مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ واٹر مینجمنٹ اور ایریگیشن کی تکنیکی ٹیم نے دونوں چینلز کے نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا۔ کمیٹی نے فوری طور پر ان دونوں چینلز کی بحالی کا فیصلہ کیا اور بحالی سے متعلق اسکیم سکروٹنی کمیٹی کو پیش کرنے کا اعلان کیا تاکہ ایمرجنسی بنیادوں پر منظوری لی جا سکے۔بعد ازاں کمیٹی نے وادی بگروٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں مختلف علاقوں میں ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ فوری طور پر نقصانات کا تخمینہ تیار کر کے 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ جمع کروائیں تاکہ فنانس ایکٹ کے تحت ایمرجنسی کے اعلان کے لیے بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔دورے کے اختتام پر کمیٹی نے دنیور واٹر چینل کا بھی معائنہ کیا اور جاری بحالی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے بگروٹ روڈ کی فوری بحالی کے لیے محکمہ بی اینڈ آر کی کوششوں کو بھی سراہا۔

جواب دیں

Back to top button