وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بارشوں کے بعد نکاسیٔ آب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور جاری کاموں کی نگرانی کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مزید بارشیں متوقع ہیں، اس لیے ہر سطح پر تیار رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی منگل کو ہونے والی شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی اربن فلڈنگ کی صورتحال سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے اور انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سعید غنی، مخدوم محبوب الزمان، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، سی ای او واٹر بورڈ احمد صدیقی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارش کے باعث شہر کی کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں تاہم بارش رکنے کے بعد فوری طور پر نکاسیٔ آب شروع کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ اور جلد از جلد معمولاتِ زندگی کی بحالی ہے۔ انہوں نے ریسکیو ٹیموں کو بھی سراہا جنہوں نے بارش کے دوران فاسٹ یونیورسٹی ملیر میں پھنسے 40 طلبہ کو بحفاظت نکالا۔ انتظامیہ کے مطابق شہر کے اہم مقامات جیسے گل بائی، ماڑی پور، سینٹرل زون، گلشن، عائشہ منزل، شاہراہِ پاکستان اور گلبرگ سے پانی نکال دیا گیا ہے۔ اسی طرح کمشنر آفس، ہائی کورٹ، سندھ سیکریٹریٹ اور سپریم کورٹ کے اطراف سے بھی پانی صاف کر دیا گیا ہے جبکہ آرٹس کونسل کے اطراف نکاسی کا کام جاری ہے۔کراچی پولیس اور ٹریفک پولیس نے مشکل حالات کے باوجود ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مؤثر کردار ادا کیا۔ ان کی توجہ کے اہم مقامات میں کیپری سنیما، شاہراہِ لیاقت، ایم اے جناح روڈ، بہادرآباد اور دیگر بڑے چوراہے شامل تھے۔ پی ڈی ایم اے نے شہر میں 26 ڈی واٹرنگ پمپ نصب کیے ہیں جو جنوبی، وسطی، غربی اور مشرقی اضلاع کے انڈرپاسز اور نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے کا کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہریوں کو یقین دلایا کہ تمام محکمے اور ادارے قریبی رابطے میں کام کر رہے ہیں تاکہ موجودہ اور متوقع بارشوں کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محتاط رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
Read Next
16 گھنٹے ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عزیز آباد میں لال قلعہ پارک سمیت پانچ پارکس کا افتتاح کردیا۔
2 دن ago
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور چینی کمپنی کے درمیان تکنیکی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
3 دن ago
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی پانی کی فراہمی اور بلدیاتی اصلاحات پر جامع پریس کانفرنس
6 دن ago
بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر بھر میں 418 سڑکوں کو 14 ارب روپے کی لاگت سے دوبارہ تعمیر کریگی
1 ہفتہ ago






