کراچی( بلدیات ٹائمز )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر مصدق ملک کے ہمراہ ٹی پی-3 منصوبے کا دورہ کیا جہاں واٹر کارپوریشن کے افسران نے وفاقی وزیر کو منصوبے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر وفاقی وزیر نے میئر کراچی کے ہمراہ سائٹ کا معائنہ بھی کیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد سیوریج کا گندا پانی صاف کرکے صنعتوں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کم ہوں اور صاف شدہ پانی سمندر میں جانے کے بعد آبی حیات کو نقصان نہیں پہنچائے گا،

انہوں نے کہا کہ اس وقت روزانہ 35 ملین گیلن پانی ٹریٹ کرکے سمندر برد کیا جا رہا ہے جس سے سمندری آلودگی میں کمی آرہی ہے،اس منصوبے سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئے گی بلکہ صنعتوں کو بھی سستے اور پائیدار وسائل میسر آئیں گے،اس موقع پر واٹر کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے، وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ کراچی میں ٹی پی-3 اور ٹی پی-5 منصوبوں کے لیے وفاق اور کے پی ٹی سے بات کروں گا تاکہ ان منصوبوں کی جلد تکمیل ممکن ہو سکے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ماحول دوست اور عوامی فائدے کے منصوبوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی،وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاق کراچی کے لیے ہر سطح پر تعاون فراہم کرے گا کیونکہ ایسے منصوبے ہونے چاہئیں جن سے براہِ راست عوام اور شہر کو فائدہ پہنچے، انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بھی ان منصوبوں میں شامل کیا جائے گا تاکہ مزید بہتری اور مؤثر تعاون حاصل ہوسکے،وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ کراچی میں بین الاقوامی معیار کے منصوبے ہونا ناگزیر ہیں تاکہ شہر کی ترقی اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت شہر کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ بلدیاتی و صوبائی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔






