وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے برٹش کونسل کے تعاون سے ’’ انگریزی بطور مضمون برائے اساتذہ و تعلیم دان ‘‘ (ای ایس ٹی ای ٹو) پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس کا مقصد اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرکے سندھ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، برطانیہ کے نائب ہائی کمشنر کراچی لینس ڈوم، برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن، ریجنل ڈائریکٹر سارہ راجرسن اور متعدد ماہرین تعلیم اور اساتذہ شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ

ای ایس ٹی ای۔ٹو پہلے مرحلے کی کامیابیوں پر مبنی ہے اور اس کے تحت صوبے بھر میں 30 ہزار نئے پرائمری اور ابتدائی تعلیم کے اساتذہ، ایک ہزار تربیت یافتہ مینٹورز اور 35 کورس لیڈرز کو فائدہ پہنچے گا۔ اس پروگرام کا مقصد اساتذہ کو کیریئر کے آغاز ہی سے بنیادی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور اعتماد فراہم کرنا ہے تاکہ مسلسل سیکھنے کا ایک پائیدار ماڈل قائم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور سندھ میں ہم مستقبل کی تشکیل کرنے والے افراد کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ای ایس ٹی ای۔ٹو اقدام سندھ کے کنٹینیوئس پروفیشنل ڈویلپمنٹ ماڈل 2022 اور ای سی سی ای اینڈ فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی 2024 سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے جس سے اساتذہ کی تربیت کو ایک جامع تعلیمی اصلاحاتی ایجنڈے میں شامل کیا جا رہا ہے۔مراد علی شاہ نے انگریزی زبان کی مہارت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عالمی صلاحیت ہے جو علم، ٹیکنالوجی، تحقیق اور بین الاقوامی مواقع تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اساتذہ کو بااختیار بنا کر ہم بے شمار طلبہ کو عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنا رہے ہیں جبکہ وہ اپنی ثقافتی اور لسانی شناخت پر بھی فخر کرتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ نے پروگرام کی جامعیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں خواتین اساتذہ، اقلیتی گروہوں اور معذور اساتذہ کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ انگریزی کے ساتھ ساتھ سندھی اور اردو جیسی مقامی زبانوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔پیش گوئی کی گئی ہے کہ ای ایس ٹی ای۔ٹو کے نتیجے میں سندھ کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم تقریباً 20 لاکھ بچوں کے سیکھنے کے نتائج بہتر ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے سندھ حکومت کی جانب سے برٹش کونسل اور برطانوی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صرف اساتذہ میں سرمایہ کاری نہیں بلکہ ہمارے پورے صوبے کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے برٹش کونسل کی ٹیم، وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ اور اس اقدام سے وابستہ تمام اساتذہ اور مینٹورز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر ایک روشن اور تعلیم یافتہ سندھ کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔تعلیم کے وزیر سید سردار علی شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور زبان کی مہارت کو بہتر تعلیمی نتائج کے لیے کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو بچہ زبان کو اچھی طرح سیکھتا ہے، وہ ہر دوسرا مضمون بہتر انداز میں سیکھتا ہے۔ زبان محض ایک مضمون نہیں بلکہ یہ علم، سوچ اور اظہار تک پہنچنے کا پل ہے۔سردار شاہ نے کہا کہ ایس ٹی ای 2 صرف انگریزی زبان کا پروگرام نہیں بلکہ یہ ہر کلاس روم، ہر مضمون اور سندھ بھر میں تعلیم کے دروازے کھولنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق 45 ہزار 691 نئے بھرتی اساتذہ کو پہلے ہی ایس ٹی ای ڈی اے کے ذریعے ابتدائی پیشہ وارانہ تربیتی سیشنز دیے جا چکے ہیں۔ موجودہ مرحلے میں مزید 30 ہزار پرائمری اور ابتدائی تعلیم کے اساتذہ کو تربیت دی جائے گی جس میں ایک ہزار سرپرست اور 35 کورس لیڈرز شامل ہوں گے۔ اس منصوبے سے براہ راست 20 لاکھ بچوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔وزیراعلیٰ نے ایس ٹی ای-2 کے تحت متعارف کرائے گئے جدید تربیتی ماڈل کو سراہا جس میں ڈیجیٹل سیلف لرننگ ماڈیولز، ہائبرڈ اور آن لائن سیشنز کے ساتھ ساتھ باہمی سیکھنے کے لیے ’’کمیونٹیز آف پریکٹس‘‘ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں یونیسکو نے سندھ کے اساتذہ کو ’’تخلیقی اساتذہ‘‘ قرار دیا ہے کیونکہ وہ مصنوعی ذہانت کو روایتی لوک دانش کے ساتھ اپنی کلاسوں میں مؤثر انداز میں استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ لچکدار، قابلِ توسیع اور پائیدار ماڈل ہے جس کی ہمیں اکیسویں صدی میں ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی شراکت داروں کے کردار کو سراہا اور اساتذہ کی تربیت، انگریزی زبان کی ترقی اور سندھ میں تعلیمی اصلاحات میں تعاون پر برٹش کونسل اور برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا کہ سندھ حکومت نظام تعلیم میں مسلسل پیشہ وارانہ ترقی کے عمل کو شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ سندھ کے ہر بچے کو معیاری اساتذہ، معیاری تعلیم اور معیاری مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے براہ راست اساتذہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اس اقدام کا دل ہیں۔ یاد رکھیں، آپ جس بچے کو پڑھاتے ہیں وہ صرف انگریزی نہیں سیکھ رہا، وہ بڑے خواب دیکھنا، زیادہ گہرا سوچنا اور اونچی منزلوں کا تعین کرنا بھی سیکھ رہا ہے۔برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ ایس ٹی ای پروگرام ایک آن لائن مسلسل پیشہ وارانہ ترقی (سی پی ڈی) کا منصوبہ ہے جس کا مقصد اساتذہ کی انگریزی زبان پڑھانے کی مہارتوں کو بہتر بنانا ہے۔






