*میونسپل اسٹیڈیم اسکردو چوتھے آل پاکستان اسپیشل سپورٹس فیسٹیول 2024 کا آغاز ہوگیا*

چوتھا آل پاکستان اسپیشل اسپورٹس فیسٹیول 2024 کا میونسپل اسٹیڈیم سکردو میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ آغاز ہوا۔ایونٹ کا انعقاد قراقرم ڈس ایبلٹی فورم اور ضلعی انتظامیہ اسکردو کے تعاون سے ہورہا ہے،جو 26 جون کو اختتام پذیر ہوگا، تین روزہ ایونٹ میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے مختلف صلاحیتوں کے حامل ایتھلیٹس بھی شریک ہیں۔

افتتاحی تقریب میں سابق جج سپریم کورٹ آف پاکستان خلیل الرحمان رمدے نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے درپیش مشکلات کے باوجود بامقصد زندگی گزارنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی انسان معذور نہیں ہوتا بلکہ مختلف النوع افراد ہماری قوم کا اثاثہ ہیں۔

اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے مشیر برائے یوتھ افئیرز و کامرس ذبیح اللہ نے بھی تقریب میں شرکت کی ،انہوں نے خصوصی آفراد کے لئے تقریب کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ سکردو کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کے قیمتی اثاثے ہے اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر کی قیادت میں خصوصی افراد کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے اور حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کی ہر ممکن مدد کی جائیگی اور ان کے بنیادی حقوق اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت متحرک ہے،اس موقع پر انہوں نے قراقرم ڈس ایبلٹی فورم کو 50 ہزار روپے کا اعلان کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلا میلہ گلگت بلتستان کے علاقے دیامر میں منعقد کیا جائے گا۔

واضح رہے سکردو پہلی بار اس قومی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔تقریب کے دوران، قراقرم ڈس ایبلٹی فورم (KDF) کا نام تبدیل کرکے اسپیشل ایبلٹی فورم (SAF) رکھنے کی تجویز پیش کی گئی۔

تین روزہ فیسٹیول میں کرکٹ میچز، ٹگ آف وار، بیڈمنٹن، وہیل چیئر پولو، وہیل چیئر ریس، بلائنڈ کرکٹ اور مختلف کھیلوں کی لائن اپ شامل ہیں۔ تقریب میں گھانچے اور کھرمنگ کے تعلیمی اداروں کے خصوصی طالبات نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button