صوابی(بلدیات ٹائمز)پاکستان ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ کے مرکزی قائدین چوہدری محمد یاسین۔ شوکت علی انجم ۔اسد محمود۔ چوہدری عبدالرحمن آسی۔ سید عطاء اللہ شاہ اور منیر حسین بٹ نے ایک مشترکہ بیان کے ذریعے پنجاب میں کم ازکم تنخواہ کے لئے 102 کیٹیگری کو ختم کرنے کے نوٹیفیکیشن کو مزدور دشمنی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ان گٹیگری کے مزدوروں پر مینمیم ویج نوٹیفکیشن کا اطلاق نہیں ہوگا جس سے لاکھوں محنت کشوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اور اس ظالمانہ فیصلے سے کم اجرت لینے والے ہنرمند مزدوروں کے مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ نے محکمہ محنت کے جانب سے اس ظالمانہ نوٹیفیکیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف پنجاب میں سیلاب نے کم تنخواہ دار مزدوروں کو پریشان رکھا ھے جبکہ دوسرے جانب صوبائی حکومت کے ماتحت ادارے نے مزدوروں کو معاشی طور پر قتل کرنے کا فیصلہ کرکے مزدور دشمنی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

فیڈریشن رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فی الفور اس ظالمانہ نوٹیفیکیشن کو واپس لے کر مزدوروں اور ان کے خاندانوں کے حالات پر رحم کریں بصورت دیگر پاکستان ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ سے ملحقہ یونینز اور ان کے ورکرز دیگر مزدور فیڈریشنز کے ساتھ ملکر اس ظلم اور مزدور کش فیصلے کے خلاف پنجاب بھر میں احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ جن کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور محکمہ لیبر کے اعلی حکام پر ہوگی۔






