کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے سالانہ عرس پیر سید وارث شاہ رح انتظامات جائزہ کے حوالے سے جنڈیالہ شیر خان دربار کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے پیر سید وارث شاہ کے مزار پر حاضری، چادرپوشی کی اور دعا کی۔ اس موقع پر پیر سید وارث شاہ کے معروف عالم کلام ” ہیر ۔وارث شاہ “بھی پڑھا گیا۔ کمشنر لاہور کو جنڈیالہ شیر خان دربار آمد پر ڈی سی سمیت منتظمین نے خوش آمدید کہا۔ کمشنر لاہور نے محکموں کی جانب سے قائم کیے گئے کیمپس پر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کمشنر لاہور نے کہا اولیاء اللہ کے مزارات پر روحانی و قلبی سکون ملتا ہے یہ مرجع خلائق ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سید وارث شاہ رح کے سالانہ عرس پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، عرس پر آنیوالے زائرین کیلئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کو مد نظر رکھتے ہوئے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔بعد ازاں کمشنر لاہور نے ڈویژن پبلک سکول شیخوپورہ میں نئے بلاک کا سنگ بنیاد رکھا اور شجر کاری مہم کے تحت پودے بھی لگاۓ۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سرکاری سکولوں میں بچوں کے تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔کمشنر لاہور نے شیخوپورہ مین بازار کی خوبصورتی اور نئے سرے سے تزئین و آرائش کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ کمشنر نے شہر میں صفائی ستھرائی ، ترقیاتی سکیموں اور تجاوزات کے خاتمے کا تفصیلی جائزہ لیا اور شہریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔کمشنر لاہور مریم خان نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں تجاوزات کا خاتمہ، صاف ستھرا، خوشگوار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ شہر میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے۔ کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں جاری عوامی افادیت کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جاۓ، ترقیاتی سکیموں میں بہترین معیار کا تعمیراتی میٹریل استعمال کیا جائے۔






