بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری)، چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) کے دفتر کا دورہ کیا۔ ایم ڈی PMDFC سید زاہد عزیز اور سینئر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں پنجاب سٹیز پروگرام اور وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری سکیموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ موجودہ وقت میں پنجاب سٹیز پروگرام 16 شہروں میں جبکہ وزیراعلیٰ ڈویلپمنٹ پروگرام 52 شہروں میں جاری ہے۔ ایم ڈی PMDFC زاہد عزیز نے مزید بتایا کہ مجوزہ ورلڈ بینک فنڈڈ پنجاب انکلیوسو سٹیز پروگرام جلد مزید 16 شہروں میں شروع کیا جائے گا۔

منصوبوں میں جدید HDPE لائننگ والے پائپ استعمال کیے جا رہے ہیں جس سے سیوریج سسٹمز کی مدت 25 سال سے بڑھ کر 100 سال سے زائد ہو جائے گی۔ تمام سکیمیں آئندہ 25 سال کی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کی جا رہی ہیں اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز سولر سسٹم پر چلائے جائیں گے۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز کے سیوریج کنکشنز فیس کی ادائیگی سے مشروط کیے جائیں اور عوامی سہولت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صاف پانی، بہتر صفائی اور جدید شہری انفراسٹرکچر کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔چیئرپرسن نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا اور PMDFC کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیم کو جذبے اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایت دی۔





