قبائلی اضلاع کے حقوق کے لیے آخری حد تک لڑوں گا،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کا خیبر امن جرگہ سے خطاب

پی ٹی آئی کے زیر اہتمام باڑہ میں گرینڈ امن جرگہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے علاؤہ ایم این اے اقبال آفریدی ، ایم پی اے عدنان قادری، سینیٹر مرزا محمد آفریدی ، سینیٹر پیر نور الحق قادری سمیت پارلیمنٹرین ، قبائلی عمائدین، مشران اور ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے پاکستان کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں،

لیکن اب ہم ترقی چاہتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ان کے ساتھ انضمام کے موقع پر کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کے 550 ارب روپے کے بقایاجات اور نیٹ ہائیڈرو پاور کے 2200 ارب روپے کے واجبات فوری ادا کیے جائیں۔وہ باڑہ میں منعقدہ خیبر امن جرگہ سے خطاب کر رہے تھے،

جس میں باڑہ کے سیاسی و سماجی رہنما، قبائلی عمائدین، مشران، پارلیمنٹرین اور مختلف قوموں کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر کے بعد تمام قبائلی اضلاع میں امن جرگے منعقد کیے جائیں گے، جس کے بعد لویہ جرگہ بلایا جائے گا تاکہ پائیدار امن اور ترقی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے، وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی اداروں نے ملک کے لیے 80 ہزار جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ ہم نے خون دے کر امن قائم کیا، مگر ایک بار پھر حالات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح اعلان کیا کہ صوبائی حکومت کسی نئے ملٹری آپریشن کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے بند کمروں میں نہیں، عوامی نمائندوں اور عمائدین کو اعتماد میں لے کر کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں خیرات نہیں بلکہ اپنا حق چاہیے۔ "ساڈا حق آتے رکھ” کے نعرے جرگے کے شرکاء نے بلند آواز میں لگائے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جب تک وہ اس منصب پر رہیں گے، عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے لڑتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ قبائلی علاقوں کو ترقیاتی بجٹ میں ان کا جائز حصہ دے، تاکہ احساسِ محرومی ختم ہو اور امن کو پائیدار بنیادوں پر قائم رکھا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button