چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن نے خصوصی واٹر ریسکیو کٹس سی ڈی اے کے حوالے کر دیں

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ممبر ایڈمن سی ڈی اے طلعت محمود سے چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن کی ٹیم کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن نے خصوصی واٹر ریسکیو کٹس سی ڈی اے کے حوالے کیں۔اس موقع پر ڈائیریکٹر جنرل اسلام آباد ایمرجنسی سروسز سمیت سی ڈی اے کے دیگر شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔ یہ خصوصی کٹس نہ صرف آبی حادثات کے دوران بچاؤ میں مددگار ثابت ہونگی بلکہ شہر میں ایمرجنسی رسپانس کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے طلعت محمود نے چینی بلیو اسکائی فاؤنڈیشن کی ٹیم کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک چین کے طرف سے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیمتی تحفہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حفاظت اور بہتر ایمرجنسی سروسز کیلئے ایک اہم اضافہ ہے۔ سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن طلعت محمود نے کہا کہ سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ریسکیو کٹس واٹر ایمرجنسیز سے نمٹنے میں ہمارے عملے کو زیادہ مؤثر بنائیں گی۔چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن کے وفد نے کہا کہ انسانی جان کے بچاؤ کے مشترکہ مقصد کے تحت تعاون جاری رکھیں گے۔ اور اس سلسلہ میں سی ڈی اے کے متعلقہ عملے کو ان کٹس کے استعمال کی خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔واضح رہے، رواں برس جولائی میں چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن نے سی ڈی اے کے عملہ کو آبی حادثات سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹریننگ بھی فراہم کی تھی۔ چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن نے تیز بہاؤ میں انسانی جانوں کو بچانے سمیت بوٹ آپریشن پر خصوصی ٹریننگ دی تھی۔ چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن رواں برس جولائی میں جدید واٹر ریسکو آلات بھی سی ڈی اے کو بطور تحفہ دے چکی ہے۔اس ضمن میں، تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے سی ڈی اے اور چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن کے مابین جلد ہی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔ حادثات سے نمٹنے کیلئے چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن سی ڈی اے کے عملے کو جدید آلات اور خصوصی ٹریننگ بھی فراہم کرے گی۔ چینی بلیو اسکائی ریسکو فاؤنڈیشن اس وقت 20 سے زائد ممالک میں اپنی خدمات فراہم کررہی ہے۔اس موقع پر دونوں اطراف سے تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button