سخت اقدامات کے ذریعے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بستیوں کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے،اسلام آباد اجلاس میں فیصلہ

چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کیخلاف کارروائی کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت مختلف اضلاع راولپنڈی، اٹک، ہری پور اور مری کی ضلعی انتظامیہ و پولیس بزریعہ زوم اور وزارت داخلہ، نادرا، پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ٹاسک فورس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، مری اور ہری پور کے اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کیخلاف ابتک کی جانے والی کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔متعلقہ افسران نے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو اس سلسلہ میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف اضلاع سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو واپس بھیجنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کی زیادہ تر تعداد کو رضاکارانہ طور پر واپسی کو یقینی بنایا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کے مالک مکانوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائیوں کا عمل جاری ہے جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو کاروبار کیلئے جگہیں فراہم کرنے پر ایف آئی آر کا انداراج کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح متعلقہ قوانین کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم افراد کیخلاف بھی ایف آئی آر کا اندارج کیا جا رہا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام اضلاع سے زیادہ تر غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجوا دیا گیا ہے اور ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی نقل و حرکت کو مکمل طور پر روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ملکیوں کو کسی قسم کی رہائشی جگہ یا روزگار فراہم نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع سے اعداد و شمار کو وفاقی وزارت داخلہ کے مرکزی ڈیش بورڈ سے مربوط کیا جائے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ سخت اقدامات کے ذریعے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بستیوں کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے افسران نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی سمز کو بلاک کرنے کا عمل جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کو مؤثر بناتے ہوئے ملک کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ملکر جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہو کر اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button