چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کے زیر صدارت جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ سمیت اسلام آباد پولیس کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آمد و رفت اور نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے کیلئے جدید میکنزم تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون سمیت شہر بھر کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے روک تھام کیلئے کئے گئے انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور اسکو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس دن رات مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے متعلقہ شعبے بھر پور معاونت کر رہے ہیں اور دارالحکومت اسلام آباد میں ویجیلنس کو بڑھا کر مانیٹرنگ کو مزید بہتر کیا گیا ہے۔ اسی طرح شہر میں پولیس پٹرولنگ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ تمام اہم مقامات، عبادت گاہوں، مساجد اور اہم عمارات کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی مرکزی شاہراہوں، مراکز اور رہائشی سیکٹرز کی نگرانی کا میکنزم بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم-ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موٹر سائیکلوں پر ایم-ٹیگ لگانے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے اور شہریوں کی سہولت کیلئے موٹر سائیکلوں پر ایم-ٹیگ لگانے کیلئے مزید مقامات پر ایم۔ٹیگ سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ دہشتگردی کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کو مزید بہتر بنانے میں کسی قسم کی کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام مدارس اور دینی درسگاہوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشکوک سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھنا اور انکی مکمل تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جائیگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈور ٹو ڈور سروے شہری علاقوں میں مکمل کرلیا گیا ہے اور دیہی علاقوں کا ڈور ٹو ڈور سروے جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے حوالے سے جامع اقدامات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بھی سیکورٹی میں کسی بھی قسم کی کمی ہے اسکو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کی خصوصی نگرانی کیساتھ شہر بھر میں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کیساتھ مربوط کوآرڈینیشن کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔





