کے ایم سی کی تمام سرکاری مراسلت کی کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل توثیق

کراچی (بلدیات ٹائمز )بلدیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک بڑے اور تاریخی اقدام کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کیو آر کوڈ سے مزین محفوظ ڈیجیٹل مراسلت کے نظام کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، یہ اہم اقدام سرکاری دستاویزات کی شفافیت، مستند حیثیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، جو 22 دسمبر 2025 سے نافذ العمل ہوگا،نئے نظام کے تحت کے ایم سی کی جانب سے جاری کیے جانے والے تمام سرکاری خطوط، نوٹسز اور مراسلات پر ایک منفرد کیو آر کوڈ درج ہوگا جس کی تصدیق کوئی بھی فرد یا ادارہ کسی بھی مقام سے کر سکے گا، اس اقدام سے نہ صرف ادارے کے اندرونی امور میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں، اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو سرکاری دستاویزات کی فوری توثیق کی سہولت بھی حاصل ہوگی جس سے جعلی یا فراڈ مراسلت کے امکانات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈیجیٹل نظام کے آغاز کے حوالے سے بتایا کہ کے ایم سی جدید، شفاف اور ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے،کیو آر کوڈ پر مبنی مراسلت کا نظام سرکاری لین دین کو محفوظ بنانے اور بلدیاتی دستاویزات پر عوامی اعتماد بحال کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے،میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی محض بلدیاتی خدمات کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ قیمتی سرکاری اراضی، تفریحی مقامات، مارکیٹس، کچی آبادیاں اور دیگر اہم شعبوں کا بھی انتظام بھی سنبھالتی ہے، سرکاری امور کو محفوظ بنانے، غلط استعمال کی روک تھام اور جعلی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل اور قابلِ تصدیق مراسلت کے نظام کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت تھا،میئر کراچی نے تمام کے ایم سی افسران اور محکموں کو ہدایت کی کہ اس نئے نظام پر بغیر کسی استثنا کے سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مراسلت پالیسی پر عمل لازمی ہوگا اور اس کی پابندی ہر سطح پر کرائی جائے گی تاکہ پورے ادارے میں یکسانیت اور مؤثریت برقرار رہے،اس اقدام سے سرکاری امور میں تاخیر میں نمایاں کمی آئے گی، کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور کے ایم سی کی خدمات تیز رفتاری سے انجام پائیں گی،ہم ڈیجیٹل تبدیلی کے اپنے ہدف کی جانب کامیابی سے بڑھ رہے ہیں اور آج کا دن بلدیہ عظمیٰ کراچی کو عالمی معیار کے مطابق لانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس۔ ایم۔ افضل زیدی (پی اے ایس)، فنانشل ایڈوائزر کے ایم سی گلزار ابڑو، ڈائریکٹر میڈیا کے ایم سی دانیال سیال اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی، جنہیں ڈیجیٹل نظام کے عملی فریم ورک اور نفاذ کی حکمتِ عملی سے آگاہ کیا گیا، کے ایم سی کا ڈیجیٹل اور محفوظ مراسلت کی جانب یہ قدم جدت، شفافیت اور کراچی کے شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے عزم کا واضح عکاس ہے، 22 دسمبر 2025 کے بعد کیو آر کوڈ کے بغیر جاری کیے جانے والے تمام سرکاری خطوط اور مراسلات ناقابلِ قبول اور غیر مؤثر تصور کیے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button