میئر کراچی کی ہدایت پر کے ایم سی محکمہ فائربریگیڈ کا تاریخی اقدام، کرسمس سے قبل کراچی کے گرجا گھروں کی مکمل صفائی

کراچی( بلدیات ٹائمز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فائربریگیڈ نے اتحاد، ہمدردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے جو پوری دنیا کے لیے مثبت پیغام ہے،یہ تاریخی اور دل کو چھو لینے والا اقدام میئر کراچی کے وژن اور قیادت کا نتیجہ ہے جن کی انسانیت سے وابستگی اور جامع عوامی خدمت کے جذبے نے اس عظیم مشن کو ممکن بنایا

، ان کی قیادت میں محکمہ فائر بریگیڈ کو ہنگامی حالات سے آگے بڑھ کر معاشرے کی خدمت کا موقع ملا،یہ اقدام بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فائربریگیڈ نے نہایت نظم و ضبط، خلوص اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیا، تقریباً 48 برس میں پہلی بار کراچی بھر کے گرجا گھروں میں کرسمس سے قبل ان کے اندرونی حصوں، چھتوں، بالائی ڈھانچوں اور بیرونی دیواروں کی مکمل صفائی اور دھلائی کی گئی، ایک ایسا عمل جو پاکستان کی اجتماعی تاریخ میں پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، اس اقدام کو واقعی غیرمعمولی بنانے والی بات یہ تھی کہ مسلم فائر فائٹرز نے مسیحی گرجا گھروں کی صفائی کی جو پاکستان کی اقدار،اتحاد، رواداری، بھائی چارہ اور پرامن بقائے باہمی کی شاندار علامت ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فائربریگیڈ نے معمول کی ذمہ داریوں سے بڑھ کر گرجا گھروں کے اندرونی حصوں، چھتوں، بالائی ڈھانچوں اور بیرونی دیواروں کی مکمل صفائی کی، برسوں کی جمی ہوئی گرد و غبار کو ختم کیا اور ان مقدس مقامات کی حرمت اور وقار کو بحال کیا،اس تاریخی اقدام میں شامل گرجا گھروں میں سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل، ٹرینیٹی کیتھیڈرل، سینٹ اینڈریوز چرچ، سنٹرل بروکس میموریل چرچ، سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ اور کرسٹ چرچ مشن روڈ شامل ہیں، چرچ کے رہنماؤں اور مسیحی برادری کے افراد نے محکمہ فائر بریگیڈ کے فائر فائٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور بے لوث خدمت پر دلی تشکر اور گہری قدردانی کا اظہار کیا، ہنگامی حالات میں اپنی بہادری کے لیے مشہور کے ایم سی کے محکمہ فائربریگیڈ کے فائر فائٹرز صرف فرسٹ ریسپانڈرز ہی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں انسانیت کے سفیر ہیں، جو مذہب، نسل یا پس منظر کی کسی تفریق کے بغیر خدمت انجام دیتے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران و ملازمین کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا، میئر کراچی نے کہا کہ یہ اقدام انہیں معاشرے کے فرنٹ لائن محافظ، خاموش محافظ اور اخلاقی رہنما کے طور پر اجاگر کرتا ہے،مسیحی برادری کی جانب سے میئر کراچی اور محکمہ فائر بریگیڈکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے کرسمس کے لیے گرجا گھروں کو تیار کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کا ایک مضبوط قومی پیغام دیا، مسیحی برادری نے امید ظاہر کی کہ یہ نیک روایت جاری رہے تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو تمام تفریق سے بالاتر ہو کر انسانیت کو مقدم رکھنے کی ترغیب دے سکیں۔

جواب دیں

Back to top button