*پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت غیر معیاری اور سست روی سے کام کرنے والے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے گا*

وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق ایک خصوصی اجلاس سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں گجرات، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، جھنگ اور جہلم میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔پانچوں اضلاع کے مینجنگ ڈائریکٹرز واسا نے اب تک کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ لائحہ عمل پر سیکرٹری ہاؤسنگ کو بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نورالامین مینگل نے واضح کیا کہ کام کا آغاز نہ کروانے والے، غیر ذمہ دار اور سست روی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹرز کو سخت تنبیہ اور وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر *معیاری اور برق رفتار* انداز میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے درمیان معیار اور رفتار کی بنیاد پر صحت مند مقابلہ ہوگا جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کنٹریکٹرز کو تعریفی اسناد دی جائیں گی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے کنسٹرکشن سائٹس پر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام عملہ اور سائٹ افسران سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایات کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی جاری ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button