وفاقی حکومت نے بیرون ملک مقیم بھتہ خوروں کیخلاف ریڈ وارںٹ جاری کردیئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی میڈیا سے گفتگو

سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بھتہ خوری اور منظم جرائم کے خلاف ایک بار پھر جامع کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ماضی کی طرح اس بار بھی اس لعنت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ایک روز پہلے امن و امان کی صورتحال، بالخصوص شہر میں بھتہ خوری کے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے ایک تفصیلی اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے بتایا کہ آباد کے ارکان سمیت کاروباری برادری کے نمائندوں نے اب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیادی تشویش یہ سامنے آئی کہ جب ایک مجرم کا خاتمہ کیا جاتا ہے تو دوسرا سامنے آ جاتا ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے تسلسل کے ساتھ اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ نہ صرف ملک کے اندر سرگرم جرائم پیشہ عناصر بلکہ بیرونِ ملک موجود سہولت کاروں اور ہینڈلرز کے خلاف بھی کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے باضابطہ طور پر وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے۔ اس کے جواب میں وفاقی حکومت نے ہمیں آگاہ کیا ہے کہ بیرونِ ملک سے بھتہ خوری اور دہشت گردی میں سہولت کاری کرنے والے متعدد افراد کے خلاف ریڈ وارنٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔مراد علی شاہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ماضی میں پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے بھتہ خوری پر مؤثر قابو پایا گیا تھا اور حکومت ایک بار پھر اسی نوعیت کے نتائج حاصل کرے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ سخت نگرانی، صوبائی اور وفاقی اداروں کے درمیان بہتر رابطہ اور جرائم کی مالی معاونت کرنے والوں اور سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی اس حکمتِ عملی کے مرکزی نکات رہیں گے۔ وں نے تاجروں، صنعت کاروں اور شہریوں کو یقین دلایا کہ امن و امان کا قیام اور محفوظ کاروباری ماحول کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور کسی کو بھی ریاست کی رِٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button