کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی زیرِ صدارت سوات اور دیر موٹر ویز سے متعلق جائزہ اجلاس

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن مسعود احمد کی زیرِ صدارت سوات اور دیر موٹر ویز سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا، جس میں سوات اور دیر موٹر ویز منصوبوں پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر پروونشل ایکسپریس ویز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) سوات نے شرکت کی، جبکہ منصوبوں سے متعلق مختلف انتظامی، مالی اور تکنیکی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر پروونشل ایکسپریس ویز نے کمشنر ملاکنڈ کو سوات موٹر وے فیز ٹو اور دیر موٹر وے پر جاری کام کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی مراحل، درپیش انتظامی و تکنیکی چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ میں زمین کے حصول (لینڈ ایکوزیشن)، منصوبوں کی تکمیل کی متوقع مدت، فنڈز کی دستیابی، بین الادارہ جاتی ہم آہنگی اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق امور پر بھی روشنی ڈالی گئی۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے سوات موٹر وے فیز ٹو اور دیر موٹر وے منصوبوں کو خطے کی معاشی ترقی، سیاحت کے فروغ اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔کمشنر ملاکنڈ نے مزید ہدایت کی کہ منصوبوں کی تعمیر کے دوران عوامی خدشات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، زمین کے حصول، ٹریفک مینجمنٹ اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم امور پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر ملاکنڈ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر پروونشل ایکسپریس ویز کو دونون منصوبوں کی بروقت و معیاری تکمیل کیلئے ہر قسم انتظامی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

Back to top button