کیپیٹل ہسپتال میں موٹاپے کے جدید سرجری اور علاج معالجے سے متعلق دو روزہ بین الاقوامی سیمینار کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہوا۔ جسمیں ملک بھر سے 160 سے زائد بین الاقوامی و قومی طبی ماہرین اور کیپیٹل ہسپتال کے دیگر ڈاکٹروں نے شرکت کی۔

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود گوندل کی ہدایت کی روشنی میں منعقد ہونے والے اس سیمینار کا مقصد عالمی تعاون اور عملی تربیت کے ذریعے موٹاپے (اویبسٹی) کے علاج کو فروغ دینا تھا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر نعیم تاج کی زیر نگرانی منعقد ہونے والی اس سیمینار میں ملکی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین نے موٹاپے کے علاج کے تیزی سے ترقی پذیر شعبے پر تبادلہ خیال کیا۔ سیمینار میں جدید بیری ایٹرک اور میٹابولک سرجری کے طریقہ کار، نئی نسل کی اینٹی اوبیسٹی دوائیوں اور طویل المدتی کثیر الشعبہ نگہداشت کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ سیمینار کی نمایاں ترین خصوصیت انٹرنیشنل فیڈریشن فار دی سرجری آف اوبیسٹی (IFSO) کے صدر پروفیسر خالد گائودت کی جانب سے مریضوں کی لائیو سرجریز کی گئیں۔ انہوں نے لائیو رُو-این-وائی گیسٹرک بائی پاس (RYGB) سرجری کے موجود ڈاکٹروں کو اسکے ہر مرحلے اور فوائد کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے ایک بے مثال تعلیمی و عملی تجربہ فراہم کیا۔بین الاقوامی فیکلٹی کو مزید تقویت ہسپانوی ماہر پروفیسر انتونیو ٹوریس نے فراہم کی، جو SADI-S طریقہ کار کے علمبردار ہیں، انہوں نے بیری ایٹرک سرجری میں عالمی اختراعات پر اپنی مہارت کا اظہار کیا۔ متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عمران نے بھی موٹاپے کے جامع انتظام کیلئے شواہد پر مبنی حکمت عملیوں پر قیمتی آراء پیش کیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم تاج، ڈاکٹر سید تنصیر اصغر اور ڈاکٹر سرتاج علی کی جانب سے ترتیب دیئے گئے سائنسی پروگرام میں ماہرین کے اویبسٹی سے متعلق لیکچرز اور کیس پر مبنی انٹرایکٹو تعلیمی سیشنز بھی شامل تھے۔ اہم نشستوں میں بیری ایٹرک سرجری میں جدید پیشرفت بشمول SADI-S اور RYGB تکینی مریضوں کے انتخاب کے معیارات اور پیچیدگیوں کے انتظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ موٹاپے کو ایک دائمی بیماری کے طور پر طبی طور پر منظم کرنے پر ڈاکٹر فرحان علی اور ڈاکٹر سروَر ملک نے تفصیلی گفتگو کی، جنہوں نے جدید علاج معالجے کو طرز زندگی میں تبدیلیوں اور طویل المدتی نگرانی کے ساتھ مربوط کرنے پر روشنی ڈالی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپیٹل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے کہا کہ موٹاپے کی ہر سطح پر خاتمے کیلئے کیپیٹل ہسپتال میں جدید اور بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ صحتمند معاشرے کو فروغ دیا جاسکے۔سیمینار کے اختتام پر اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ موٹاپے کے مؤثر طبی علاج کیلئے کثیر الشعبہ، شواہد پر مبنی اور مریض پر مرکوز طبی طریقہ کار ضروری ہے۔ کیپیٹل ہسپتال نے مسلسل تعلیمی سرگرمیوں اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے صحت کی دیکھ بھال کی تعلیم کو فروغ دینے اور مریضوں کے حوالے سے نتائج کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔





