کراچی(بلدیات ٹائمز) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت، فنڈنگ، بروقت تکمیل اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ وسیم شمشاد سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، فلائی اوورز، انڈر پاسز، چھوٹی سڑکوں کی تعمیر، نکاسی آب اور شہری سہولتوں سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاری ترقیاتی اسکیموں کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ عوام کو درپیش مشکلات کے فوری خاتمے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے جبکہ متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلائی اوورز، انڈر پاسز، مرکزی شاہراہوں اور چھوٹی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے جس کے مثبت اثرات عوام کو جلد محسوس ہوں گے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی جبکہ ان اسکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے مکمل فنڈز رکھنے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی تاکہ ترقیاتی کاموں کا تسلسل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوام کی دہلیز تک سہولتوں کی فراہمی اور ریلیف کے اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے اور حکومت سندھ شہری مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے اجلاس میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو یوسی اور ٹاؤن سطح پر مزید مستحکم کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ صفائی ستھرائی کے عمل کی نگرانی اور چیکنگ کو گراس روٹ سطح تک فعال اور مؤثر بنایا جاسکے۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعدد اہم اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ کئی منصوبے مقررہ مدت سے قبل مکمل کیے جانے کے امکانات ہیں۔ وزیر بلدیات سندھ نے اس موقع پر واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد عوام کو نہ صرف بنیادی سہولتوں میں بہتری محسوس ہوگی بلکہ شہری انفراسٹرکچر میں بھی نمایاں مثبت تبدیلی آئے گی





