*مزدور تنظیموں کی جانب سے مزدوروں کے مسائل کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ*

لاہور کی متعدد مزدور تنظیموں اور ٹریڈ یونین کنفیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے مزدوروں کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں مزدوروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ مزدوروں کی کم از کم اجرت اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے، پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت گرانٹس اور پورٹل کے مسائل حل کیے جائیں، صنعتی، کمرشل اداروں اور بھٹہ جات پر لیبر قوانین پر عمل درآمد کرایا جائے اور تمام ورکرز کو ای او بی آئی، سوشل سیکورٹی اور ویلفیئر گرانٹس کا حق دلایا جائے۔مظاہرین نے پرائیویٹائزیشن کی مزدور دشمن پالیسی کے خاتمے کا اعلان کرنے، کمر توڑ مہنگائی کا خاتمہ کرنے، برطرف مزدوروں کو ڈیوٹی پر بحال کرنے اور تمام شعبوں کے مزدوروں کو ٹریڈ یونین کی آزادی دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مزدوروں نے پُر جوش انداز میں نعرہ بازی کی اور مطالبات کے حق میں تقریریں کیں۔احتجاجی مظاہرے سے ریلوے ورکرز یونین ورکشاپس کے سینئر رہنما فضل واحد، متحدہ لیبر فیڈریشن پنجاب کے رہنما الطاف حسین بلوچ، چوہدری محمد اشرف، محمد حنیف رامے، ٹیکسٹائل پاورلومز اینڈ گارمنٹ ورکر فیڈریشن کے رہنما نیاز خان، پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن پنجاب کی رہنما نصرت بشیر ظفر، شبیر احمد، دیگر تنظیموں سے رضوان الحق، مولا بخش، عبیدالرحمن، تنویر اسلم، شیخ محمد شعیب اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

جواب دیں

Back to top button