کراچی سندھ حکومت کا قبضہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت قبضہ مافیا کے خلاف ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور رکن سندھ اسمبلی قاسم سومرو سمیت اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈپٹی کمشنر ویسٹ، ایس ایس پی ویسٹ، ڈی جی کے ڈی اے، ایم ڈی اے اور ایل ڈی اے بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف سخت آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں بھرپور اور مؤثر آپریشن کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین اور وزیر اعلیٰ سندھ کے سخت احکامات کی روشنی میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ آپریشن میں محکمہ قانون کی مکمل معاونت حاصل ہوگی جبکہ تمام متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی کارروائی کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویلپمنٹ ادارے اپنے ریکارڈ اور کاغذات درست کریں تاکہ عدالتوں میں قانونی پیچیدگیاں پیدا نہ ہوں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی سرکاری افسر یا اہلکار کے خلاف قبضہ مافیا سے ملی بھگت کے شواہد ملے تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ناصر حسین شاہ نے خبردار کیا کہ آج کے بعد ریونیو، اینٹی انکروچمنٹ، پولیس یا کسی بھی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے علاقے میں قبضے کی شکایت موصول ہونے پر متعلقہ افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی ہوگی، چاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔اجلاس میں سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 اور 13 میں ایک مقامی بلڈر کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی زمین فروخت کرنے کا بھی نوٹس لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے عوام کو متنبہ کیا کہ وہ ایسے جعلساز عناصر اور غیر قانونی بلڈرز سے ہوشیار رہیں۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں راتوں رات کچی آبادیاں قائم ہو جاتی ہیں اور کوئی ادارہ ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کچی آبادیوں اور گوٹھ آباد کا جامع سروے بھی کرایا جائے گا تاکہ صورتحال کو کنٹرول کیا جا سکے۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ جاری آپریشن کے دوران کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور تمام کارروائیاں قانون کے مطابق انجام دی جائیں۔ عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کی فائلیں لیگل ٹیم کو بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔حکام کے مطابق آئندہ چند روز میں شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف عملی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button