نوئکے تا دیوان روڈ کو سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کرنے کا منصوبہ،علاقائی رابطوں اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت

۔تفصیلات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی نے نوئکے تا دیوان روڈ نئی سڑک اور اسے سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کرنے کے مجوزہ روٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی اہمیت، روٹ کی موجودہ صورتحال، مجوزہ تعمیراتی سرگرمیوں اور مختلف تکنیکی و انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران کمشنر محمد علی نے مجوزہ سڑک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور موٹروے سے رابطہ قائم کرنے کے منصوبے کے حوالے سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نوئکے تا دیوان روڈ کو سیالکوٹ موٹروے سے منسلک کرنے کا مجوزہ منصوبہ علاقائی ترقی، بہتر سفری سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔کمشنر محمد علی نے کہا کہ جدید سڑکوں اور مؤثر رابطہ نظام کی تعمیر سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں کے درمیان فاصلوں اور سفری وقت میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ اس منصوبے سے علاقے کے تجارتی، صنعتی اور زرعی شعبوں کو بھی بہتر رابطہ میسر آنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے امکانات پیدا ہوں گے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبے کے تمام تکنیکی، زمینی اور انتظامی پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے اور منصوبہ بندی کے دوران مستقبل کی ضروریات، ٹریفک کے دباؤ اور عوامی سہولت کو خصوصی اہمیت دی جائے۔کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق علاقائی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ ایسے منصوبے نہ صرف علاقے کی ترقی میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی بنیاد بھی بنتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button