وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خیبر گرلز میڈیکل کالج کے کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے خیبر گرلز میڈیکل کالج کے کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جہاں فارغ التحصیل طالبات میں ڈگریاں اور اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن، وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، والدین اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب کے دوران کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ قومی اور صوبائی سطح پر ادارے کی نمایاں کامیابیوں کو بھی اُجاگر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سُہیل آفریدی نے فارغ التحصیل طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف طالبات بلکہ پورے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔وزیراعلیٰ سُہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم، ترقی اور خوشحالی کے لیے امن بنیادی شرط ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور صوبے میں پائیدار امن کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔صوبائی حکومت عوام کو بہتر تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ صوبے میں ڈاکٹروں اور بالخصوص خواتین ڈاکٹروں کی شدید ضرورت ہے، اسی لیے 2400 ڈاکٹروں کی میرٹ پر بھرتیوں کا آغاز کیا جاچکا ہے جبکہ مزید بھرتیاں بھی کی جائیں گی۔ وہ خدمت، محنت اور پیشہ ورانہ دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں اور اپنے حقوق کے لیے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں کیونکہ حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب دیں

Back to top button